اسلام آباد:تاریخ ساز فیصلہ نے نظریہ ضرورت ہمیشہ کیلئے دفن کردیا، ایڈیٹرز کونسل کا اعلان ،اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد ایڈیٹرز کونسل نے عدالت عظمی کے تاریخ ساز فیصلہ پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال اور عدالت عظمی کے پانچ رکنی بنچ میں شامل تمام فاضل ججز صاحبان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمی کے فیصلہ سے نہ صرف آئین کی بالا دستی قائم ہوئی ہے اور نظریہ ضرورت جیسے غیرآئینی عمل کو بھی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کردیا گیا ہے اور قوم میں پائی جانیوالی بے چینی ، ہیجانی کیفیت ، مسلسل اضطراب ، تردد اور پریشانی کا بھی خاتمہ ہوا ہے
اس حوالہ سے رات گئے ایڈیٹرز کونسل کے صدر سید فدا حسنین شیرازی کے زیرصدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں کونسل کے سینئر نائب صدر نئیر سرحدی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری رضا اللہ ، مہر امیر عثمان و دیگر عہدیداران و اراکین نے بھرپور شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے صدر نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کو ماورائے آئین کوئی بھی اقدام قابل قبول نہیں کیونکہ آئین اور قانون کو توڑنے سے ملک میں انارکی ، انتشار ، افراتفری اور سیاسی عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہی ملک و قوم کی وہ اساس ہے جو پوری قوم کیلئے سیاسی ، معاشی اور معاشرتی استحکام کی ضامن ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری ، وفاقی وزیرقانون فواد چوہدری اور وزیر اعظم عمران خان سمیت اُن کی ٹیم آئین شکنی کی مرتکب ہوئی ہے اور اُن کے اُٹھائے گئے حالیہ تمام اقدامات آئین سے متصادم ہیں ۔ قطع نظر اس کے کہ کل کلاں کسی بھی جماعت کی حکومت برسراقتدار آتی ہے تو اس کے اقدامات کو بعد میں جانچنے کا مرحلہ آتا ہے لیکن اس وقت قوم کو اس سے زیادہ آئین پاکستان کے تحفظ کی فکر ہے ۔ شرکاء اجلاس نے کہا کہ بحیثیت صحافی ، قلم کاراور لکھاری ہمارا فرض بنتا ہے کہ ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل ، آئین کی بالادستی اورسیاسی استحکام کیلئے ہم مقدس عدلیہ کے احسن فیصلوں کو خراج تحسین پیش کریں تاکہ قوم اطمینان کا سانس لے سکے ۔








