این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم بلال ناصر کا قاتل افغان شہری نکلا:انکشافات

0
45

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم بلال ناصر کا قاتل افغان شہری نکلا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ملزم کی عمر 16 سال ہے۔ گرفتار ملزم تاجک افغان ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ واردات میں ملوث دوسرے ملزم کو بھی شناخت کرلیا گیا ہے، ملزم کا ساتھی بھی تاجک افغان ہے۔ ملزم کے قریبی دوست عزیز کو شامل تفتیش کرلیاگیاہے۔

 

جاویدعالم اوڈھو نے کہا کہ 15 دسمبر کو یونیورسٹی روڈپرنوجوان کوڈاکوؤں نےقتل کیا۔ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 15 دسمبر کو این ای ڈی یونیورسٹی کے سامنے چائے خانے پر ڈکیتوں نے دھاوا بولا تھا، اس موقع پر چائے کے ہوٹل پر بیٹھے این ای ڈی کے طالبعلم بلال ناصر نے ایک ڈکیت کو دبوچنے کی کوشش کی جس پر ملزم کے ساتھی کی فائرنگ سے بلال زندگی کی بازی ہارگیا تھا۔

پولیس کے مطابق بلال ناصر کے قتل کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں مبینہ ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں 2 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری جانب مقتول بلال ناصر کی نماز جنازہ دستگیر میں ادا کردی گئی جس میں این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علموں، مقتول کے دوستوں، عزیز و اقارب سمیت اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واقعے کیخلاف این ای ڈی کے طلباء نے یونیورسٹی روڈ پر احتجاج کیا اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا ذمہ دار پولیس اور حکومت کو قرار دیا۔

احتجاج میں شریک امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہفتے کو یوم سیاہ اور پیر کو این ای ڈی میں احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان بھی تعزیت کیلئے مقتول بلال ناصر کے گھر پہنچے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

Leave a reply