اہلیانِ تلہ گنگ و لاوہ مسلم لیگ ن اور ق کے امیدواران کو کیونکر ووٹ دیں گے.؟
تحریر: شوکت ملک
وہ تلہ گنگ جس کو عوامی مطالبات اور خواہشات کے عین مطابق حافظ عمار یاسر کی دن رات کاوشوں سے ضلع کا درجہ دلوایا گیا، ن لیگ کی منظورِ نظر نگران پنجاب حکومت نے آتے ہی نہ صرف افسران کی ٹرانسفرز کردی، بلکہ تلہ گنگ کو بطور ضلع ڈی نوٹیفائی بھی کردیا گیا اس کا قصور وار کون ہے۔؟
لاہور ہائیکورٹ اور راولپنڈی بینچ کے تلہ گنگ ضلع بحالی کے فیصلے کے باوجود آج تک تلہ گنگ میں ضلعی افسران کی تعیناتیاں کیوں نہ ہوسکیں اس کے لیے چوہدری سالک سمیت ن لیگی مقامی قیادت نے اقتدار کے ایوانوں میں کتنی بار آواز اٹھائی۔؟
تلہ گنگ ضلع کی بحالی اور افسران کی تعیناتیوں کےلیے ن لیگی مقامی قیادت، ق کے منتخب ایم این اے اور حلقے میں ان کی نمائندگی کرنے والے پردھان منتری جوکہ اپنے خاص الخاص لوگوں کی شادی بیاہ کی تقریبات اور علامتی ریلیوں میں شرکت کےلیے تو پہنچ جاتے ہیں انہوں نے کتنی احتجاجی تحریکیں چلائیں۔؟
نگران پنجاب حکومت جوکہ وفاقی حکومت کے احکامات پر ہر جائز و ناجائز کام جوکہ اس کے اختیارات میں ہی نہیں آتے کر گزرتی ہے، چوہدری سالک جوکہ وفاقی وزیر اور بطور اتحادی موجودہ حکومت کا حصہ بھی ہیں، ابھی تک ضلع تلہ گنگ کی بحالی اور افسران کی تعیناتیاں کیونکر نہیں کروا سکے۔؟
سردار منصور حیات ٹمن جوکہ ن لیگی اعلیٰ قیادت کے انتہائی قریبی سمجھے اور جانے جاتے ہیں، اور مبینہ طور پر وہ ن لیگی معاشی ٹیم کا اہم ترین حصہ بھی ہیں، ابھی تک علاقے کی تعمیر و ترقی کےلیے کتنے میگا پراجیکٹس لا چکے ہیں۔؟
سابقہ حکومت میں تلہ گنگ میں انڈسٹریل زون کے قیام کےلیے جہاں پنجاب حکومت کی جانب سے جگہ کی ایلوکیشن کےلیے تمام ورک مکمل تھا، تاہم جلد وفاقی حکومت کے اشتراک سے تلہ گنگ میں انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جانا تھا اس کےلیے ن لیگی مقامی قیادت کی جانب سے اب تک کتنی کوشش کی گئی۔؟
سابقہ حکومت میں تلہ گنگ و لاوہ کےلیے جو اربوں روپے کے پراجیکٹس لائے جارہے تھے، جن میں بجلی، گیس، روڈز کی فراہمی، سکولز، کالجز، ہسپتالوں کے قیام اور اپگریڈیشن سمیت کئی ایک میگا پراجیکٹس شامل تھے، جوکہ چوہدری سالک کے ہی مرہون منت سمجھے جاتے رہے، اس کا سلسلہ اب کیونکر رک گیا ہے۔؟
شہریار اعوان جس کے نانا ملک سلیم اقبال شہباز شریف کے قریبی ترین رفقاء میں شمار کیے جاتے ہیں، سردار عباس گروپ جوکہ سیاسی میدان میں ایک منفرد اہمیت کا حامل گروپ ہے، سردار اسد محمود کوٹگلہ جوکہ مسلم لیگ ق کے نامزد امیدوار بھی ہیں ان تمام احباب کی حالیہ دور میں علاقے کی تعمیر و ترقی کےلیے کیا کردار ادا کیا۔؟
مندرجہ بالا تمام حقائق کی روشنی میں تلہ گنگ و لاوہ کے باشعور و غیور عوام کیونکر مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے امیدواران کو ووٹ دے کر اپنے بنیادی حقوق اپنے بچوں کے مستقبل اور آنے والی نسلوں کے دشمن بنیں گے؟ اپنے ضمیر کی آواز پر اب ووٹ کا فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved