نا جائز منافع خوروں کے خلاف گھیرا تنگ
ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے معیاری زرعی اجناس، سبزیوں و پھلوں اور کھانے پینے کی اشیاء کی منڈیوں میں فراہمی اور نیلامی کی کڑی نگرانی کی جائے گی
تاکہ لوگوں کو عام مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ سستے داموں میسر آسکیں ۔یہ بات انہوں نے مارکیٹ کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹر اور سیکریٹریز کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو ان کی صدارت میں ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اختر منڈھیرا ،چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بختیار اسماعیل ،ذیشان ندیم ،خرم حمید ،بابر سلیمان چیمہ ،ڈی او انڈسٹریز محمد بلال مارتھ سمیت متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈیوں میں غیر معیاری زرعی اجناس، سبزی و پھل فروخت کرنے والوں اور ناجائز منافع خوری کرنے والے آڑھتیوں اور پڑھیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا انہوں نے شرکاء اجلاس پر زور دیا کہ وہ اس سلسلہ میں دو دن کے اندر ایکشن پلان تیار کرکے عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ منڈیوں سے عام مارکیٹ تک معیاری اشیاء ضروریہ اور سبزی وپھلوں کی ارزاں نرخوں پر فروخت اور اس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے اس سلسلہ میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب افسران کا محاسبہ کیا جائے گا