لاہور:پنجاب میں تبادلوں کی بات بنی گالہ میں ہوتی، بیگ لاہور پہنچ جاتا، اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے سابق دست راست عون چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں حکمرانی خاور مانیکا کا خاندان کررہا تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جر گہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے سابق دست راست عون چوہدری نے انکشاف کیا کہ پنجاب میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی بات بنی گالہ میں ہوتی، بیگ لاہور پہنچ جاتا۔
عون چوہدری نے کہا کہ اس کام میں خاور مانیکا اور بیٹوں سمیت سارا گینگ ملوث تھا، کوئی ایسا ڈپٹی کمشنر، کمشنر یا چیف سیکرٹری نہیں جس کا ٹرانسفر پیسے کے بغیر ہوا ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بتایا تھا کہ پنجاب کو فرح گوگی اور احسن گجر چلا رہے ہیں، پنجاب میں چیف انجینئر تک پیسے لے کر لگائے گئے، دل خون کے آنسو روتا ہے کہ اُس حکومت کا حصہ کیوں رہا۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے ترین گروپ کے عون چوہدری کو وزیر اعظم شہباز شریف کا مشیر برائے اسپورٹس اور سیاحت تعینات کر دیا گیا۔
صدر مملکت نے عون چوہدری کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر مشیر تعینات کیا ہے، وہ وزیراعظم کے مشیر برائے اسپورٹس اور سیاحت ہوں گے جب کہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔عون چوہدری کو وزیراعظم کو مشیر بنائے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔
واضح رہے کہ عون چوہدری جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ماضی میں عمران خان کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے تھے۔