کوئٹہ: حکومت مخالف آج تیسرا جلسہ، پی ڈی ایم کوئٹہ میں میدان لگانے کیلئے تیار،سخت سیکورٹی انتظامات ،اطلاعات کےمطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حکومت مخالف تیسرا جلسہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہو گا۔ جس کی تیاریاں جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف احتجاج میں تیزی آنے لگی، پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) گوجرانوالہ اور کراچی کے بعد کوئٹہ میں پاور شو کےلیے تیار ہے، اپوزیشن بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں میدان لگائے گی، جس کی تیاریاں جاری ہیں، جلسے سے صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبد المالک بلوچ سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

دوسری طرف بلوچستان حکومت نے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے موقع پر ایک روز کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

چیف سیکرٹری کی زیر صدارت پی ڈی ایم جلسے کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری نے کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کل (اتوار) کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا جلسہ اتوار کو کوئٹہ میں ہوگا جس میں شرکت کیلئے اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سمیت صوبائی دارالحکومت پہنچ چکے ہیں۔دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی کوئٹہ میں ہونے والے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈیم) کے جلسے میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

Shares: