افریقا میں بدترین خشک سالی سے ہزاروں نایاب جانور ہلاک

0
40

کینیا:مشرقی افریقا میں خشک سالی کے باعث ہزاروں جانور ہلاک ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا رہورٹس کے مطابق افریقا کے کئی ممالک ان دنوں شدید خشک سالی کا سامنا کررہے ہیں اور اسے کئی دہائیوں کے دوران آنے والی بدترین خشک سالی کہا جارہا ہے۔

خشک سالی کے باعث نایاب اور معدومی کا سامنا کرنے والے ہزاروں جانور بھی لقمہ اجل بنے ہیں۔ صرف کینیا میں گزشتہ 2 برسوں کے دوران انتہائی کم بارشوں کے باعث لاکھوں افراد نے نقل مکانی کی ہے جب کہ جنگلی حیات پر بھی شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کینیا میں امبوسیلی، تساوو اور لائکیپیا-سمبورو کے علاقے خشک سالی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان ہی علاقوں میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے پارکس اور دیگر مراکز واقع ہیں۔

کینیا میں جنگلی حیات کے تحفظ کے سرکاری ادارے اور بین الاقوامی تنظیموں نے گزشتہ 9 ماہ کے دوران خشک سالی کے باعث ہلاک ہونے والے جانوروں کے اعداد و شمار مرتب کئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے جانوروں میں معدومی کا شکار جنگلی حیات کی کئی اقسام بھی شامل ہیں۔

بین الاقوامی تنظیموں کے مطابق رواں برس کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران خشک سالی سے میں 205 ہاتھی، 512 جنگلی بھینسے، 381 عام زیبرا، 49 گریوی زیبرا اور 12 زرافے ہلاک ہوئے ہیں، دیگر چھوٹے جنگلی جانور اور چوپایئ اس کے علاوہ ہیں۔

موجودہ حالات کے پیش نظر جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے اداروں نے جنگلی حیات کی فوری فضائی مردم شماری کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہاں جنگلی جانوروں پر خشک سالی کے اثرات کا وسیع پیمانے پر جائزہ لیا جاسکے۔

جنگلی حیات کے ماہرین نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پانی اور نمک کی فراہمی کی سفارش کی ہے۔

Leave a reply