اسلام آباد:بچے کی پیدائش پر مرد کو تین ماہ کی چھٹی کا قانون پاس ہوگیا،اطلاعات کےمطابق اب باپ بننے پر مردوں کو تین ماہ کی چھٹی دی جائے گی۔سینیٹ نے بل منظور کرلیا ہے اور اب بچے کی ولادت پر صرف والدہ کو نہیں بلکہ والد کو بھی چھٹی ملے گی۔
یاد رہے کہ خاتون کو زچگی کیلئے چھ ماہ اور شوہر کو تین ماہ کی چھٹی دی جائے گی اور چھٹی نہ دینے پر ان کے ادارے کے خلاف کارروائی ہوگی۔بل سینیٹرعینی مری نے پیش کیا،جسےکثرت رائے سے منظورکیاگیا اوربل میں واضح طور پر بتایا کہ اگر آجر، ملازمین کو چھٹی نہیں دیتے تو انکے خلاف کاروائی کی جائے۔
حکومت کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی ، وفاقی وزیرحماد اظہرنے بتایا کہ ہمارے قانون میں پہلے ہی90 دن میٹرنٹی اور مرد کو 48 دن کی لیو دی جاتی ہے وفاقی وزیر حماد اظہر نے بل کی مخالفت کی اور کہا کہ اتنی طویل 3 ماہ کی چھٹی بلاجواز ہے۔
دوسری جانب سینیٹ نے لازمی ٹیکے اور ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کا بل بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ بل میں کہا گیا ہے کہ والدین بنیادی ٹیکوں کا کورس مکمل کروائیں کیونکہ ویکسینشن نہ ہونے پر نادرا بچے کو فارم ب اور پیدائشی سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کرے گا ، نہ ہی بچے کو اسکول میں داخلہ ملےگا۔واضح رہے کہ بل کے مطابق حکومت ہیلتھ ورکرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی۔