سوات میں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ؛ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا اظہار افسوس

0
42

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوات میں ہونے والے گاڑی کےحادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

محمود خان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔انہوں نے اس موقعے پر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ریسکیو حکام کو زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی۔

محمود خان نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ سوات میں گبین جبہ کے قریب کچھ دیر قبل ایک پک اپ وین کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 11 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں 11 افراد موقع پر جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے، گاڑی کئی فٹ کی اونچائی سے نیچے جا گری، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھرمیں ٹریفک حادثے انسانی جانوں کے لیے ایک بڑے خطرے کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ایک عالمی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں کا باعث بننے والے پچاس عوامل اور بیماریوں میں ٹریفک حادثات پندرہویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان میں ایڈز، ناقص خوراک، مرگی، تشدد کئی قسم کے سرطان اور خود کشیوں کی وجہ سے انفرادی طور پر ہونے والی اموات سے ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔

Leave a reply