قومی احتساب بیورو (نیب)،لاہور میں چیک تقسیم کرنیکی دوسری تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ٹویوٹا گوجرانوالہ موٹرز، ہوم لینڈ رئیل اسٹیٹ اور لینڈ ایکوزیشن کلکٹر میاں عبدالرؤف و دیگر کیخلاف مقدمات میں ملزمان سے برآمد کروائی گئی 36 کروڑ 71 لاکھ مالیت پر مشتمل رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے۔ نیب لاہور کے ڈائریکٹر انویسٹی گیشن سید حسنین احمد نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
تقریب میں متاثرین سے خطاب کے دوران نیب لاہور کے ڈائریکٹرسید حسنین احمد نے کہاکہ نیب لاہور نے گوجرانوالہ موٹرز کرپشن کیس میں ملزمان سے ڈیڑھ ارب (1.5 بلین) کی پلی بارگین کی ہے جبکہ اس رقم میں سے 1 ارب 21 کروڑ روپے متعلقہ متاثرین میں تقسیم بھی کئے جا چکے ہیں اسکے علاوہ ہوم لینڈ رئیل اسٹیٹ سکینڈل کیس میں نیب لاہور کیجانب سے 8 کروڑ 46 لاکھ روپے کی پلی بارگین کی گئی جو کہ مکمل رقم آج کی تقریب کے ذریعے متاثرین کو واپس لوٹائی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر نیب کا کہنا تھا کہ نیب کی اعلی قیادت کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ کرپشن کیسز میں ملوث بدعنوان عناصر سے فوری ریکوری کو یقینی بنایا جائے جبکہ نیب لاہور نے عوام کو منافع کا لالچ دے کر لوٹ مار کرنے والے عناصر کیخلاف درج مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔
سید حسنین احمد نے مزیدکہا کہ عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات میں مخصوص طبقہ کو ٹارگٹ کئے جانے کے شواہد حاصل ہوئے ہیں تاہم نیب آفیسران عوام کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سر توڑ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں حال ہی میں نیب لاہور کیجانب سے تاریخ کی سب سے بڑی 16 ارب مالیت کی پلی بارگین بھی کی گئی ہے تاکہ متاثرین کو ان کے نقصان کا ازالہ کروایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی حقیقی کامیابی ملزمان سے لوٹی گئی مکمل رقوم کی برآمدگی اور ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی ڈائریکٹرسید حسنین احمد نے 728متاثرین میں مجموعی طور پر 36کروڑ 71 لاکھ مالیت کے چیک تقسیم کئے تاہم متاثرین کیجانب سے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی سربراہی میں لاہور ریجن کی کارکردگی اور اعلی اقدامات کو بھرپورسراہا گیا.