طرابلس میں قومی حکومت اور لیبی فوج میں شدید جنگ

0
47

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں جنرل خلیفہ حفتر کی قیادت میں قائم نیشنل آرمی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ قومی وفاق حکومت کی وفادار فورسز کے درمیان گھمسان کی جنگ کی اطلاعات ہیں۔ دونوں فوجیں مخالفین کے ٹھکانوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملے کررہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دارالحکومت طرابلس کے جنوبی علاقے اس وقت گھمسان کی جنگ کا مرکز ہیں۔ ہفتے کے روز طرابلس کے نواح میں فوج اور حکومتی دستوں کے مابین نئی جھڑپیں ہوئیں جہاں دونوں طرف سے بھاری توپخانے اور فضائیہ کا استعمال کیا گیا

عینی شاہدین نے ہفتہ کی صبح سے ہی شدید دھماکوں اور بھاری اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں کے ساتھ جھڑپوں کی آوازوں کے بارے میں اطلاعات فراہم کیں۔ سوشل میڈیا پرآنے والی اطلاعات کے مطابق متحارب فریقین کے درمیان السبعیہ ، عین زارا ، الکرمیہ ، الخمیس اور الخلا بازار میں خوفناک جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

خلیفہ حفتر کی فوج نے قومی وفاق حکومت کے کئی عسکری مراکزاور اسلحہ کو تباہ کرنے کے ساتھ بھاری جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ ایک دوسرے ذریعے کے مطابق دونوں فریقین کو لڑائی میں غیرمعمولی جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

دارالحکومت طرابلس اور اس کے نواحی علاقوں میں رواں ہفتے کے وسط سے ہی غیر معمولی فوجی کشیدگی پائی جارہی ہے۔ قومی وفاق فورسز ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کیا تھا ، جبکہ لیبیا کی قومی فوج نے اپنے فضائی ، زمینی اور بحری اکائیوں کے انتباہ کی سطح کو بڑھا دیا تھا۔

Leave a reply