ٹرمپ نے ڈرون گرانے کو ایران کی بڑی غلطی قرار دے دیا، حدود کی خلاف ورزی برداشت نہیں، جواد ظریف

0
39

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کی جانب سے ڈرون مار گرائے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ایسا کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے. سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے صرف ایک جملہ لکھا کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف بھی میدان میں آ گئے ہیں‌ اور کہا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنی فضائی،زمینی،سمندری حدود کادفاع کرنا جانتے ہیں.

باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق ایران نے آج آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون مار گرایا تھا اور اس حوالے سے کمانڈر پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ہم نے امریکہ کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے پر جنگ کیلیے تیار ہیں۔ دوسری طرف اب امریکہ نے بھی ایران کی طرف سے ڈرون گرائے جانے کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ ڈرون ایرانی نہیں بلکہ بین الاقوامی فضائی حدود میں تھا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں‌ پر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف بھی میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ امریکا نےایران کےخلاف معاشی دہشت گردی شروع کر رکھی ہےجو ایران کے کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب ہماری حدود کی خلاف ورزی بھی کر رہا ہے۔ جواد ظریف نے کہا کہ امریکا جھوٹ بول رہا ہے کہ امریکی ڈرون بین الاقوامی فضائی حدود میں تھا۔ جواد ظریف نے اس موقع پر یہ بھی کہا ہے کہ ایران اس معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کر جائے گا اور امریکہ کی طرف سے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھائے گا۔

جواد ظریف نے عالمی دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ رویے کی مذمت کرے۔ یاد رہے کہ خلیج میں امریکہ اور ایران کے درمیان اس وقت سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور امریکہ یمن کی موجودہ صورت حال کا ایران کو ذمہ دار قرار دے رہا ہے۔

Leave a reply