معاہدے سے دستبرداری،ٹوئٹر نے ایلون مسک کے خلاف مقدمہ درج کر دیا

0
21

ٹوئٹر نے کمپنی خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہونے پر اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ۔

باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خریدنے کے لیے 44 ارب ڈالر کے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پرایلون مسک پر منگل کے روز امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔

رپورٹس کے مطابق منگل کے روز عدالت میں دائر مقدمے میں ٹوئٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے معاہدے سے دستبردار ہونے کی جو وجوہات بتائی گئیں اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق دائر مقدمے میں عدالت سے کہا گیا ہے کہ وہ دنیا کے امیر ترین شخص کو 54.20 ڈالر فی شیئر میں کمپنی خریدنے کے معاہدے کی پاسداری کا حکم دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہو گئے تھے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق جمعے کےروز یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے پاس جمع کروائے گئے دستاویزات کے مطابق ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی اس لیے میں سوشل میڈیا کمپنی کو خریدنے کے اپنے معاہدے سے دستبردار ہورہا ہوں۔

مسک کی جانب سے یہ بھی دلیل دی گئی تھی کہ ٹوئٹر کے دو اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کرنے کے فیصلے نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

خیال رہے کہ ایلون مسک کے ڈیل سے دستبردار ہونے کے بعد ٹوئٹر کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ’ٹوئٹر بورڈ مسک کو معاہدے کی پاسداری کرنے پر مجبور کرنے کیلئے قانونی کارروائی کرے گا’۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل کے آخر میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان 44 ارب ڈالرز میں سوشل میڈیا کمپنی خریدنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

Comments are closed.