یو اے ای کا پچاس برسوں کا سفر مکمل،ایک نئے باب کا آغاز
متحدہ عرب امارات میں آج قومی دن شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے
عرب امارات آج گولڈن جوبلی منا رہا ہے، یو اے ای کی 50 سالگرہ پر شہری پوجوش ہیں، عرب امارات کے قومی دن کے حوالہ سے یو اے ای میں تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے، حکام کی جانب سے پیغامات جاری کئے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے عام چھٹی کا اعلان بھی کیا گیا ہے، یو اے ای نے پچاس برسوں کا سفر طے کیا ہے جو پورے خطے کے لئے ایک اہم موڑ ثابت ہو گا،آج سے یو اے ای ایک نئے باب کا آغاز کر رہا ہے .یو اے ای نے ان پچاس سالوں میں بہت سے سنگ میل عبور کئے اور بہت ساری غیر معمولی کامیابیاں سمیٹیں، اب ترقی کے اگلے مرحلے کی جانب سفر جاری ہے
دنیا میں چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس پھیل چکا ہے جو ابھی تک ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ،کرونا کے ہوتے ہوئے اس دن کو عوامی سطح پر منانا مشکل ترین کام تھا مگر گولڈن جوبلی کی وجہ سے یو اے ای میں جشن منایا جا رہا ہے، متحدہ عرب امارات ان چند ممالک میں سے ایک تھا جس نے اعلان کیا کہ اس نے کرونا وبا جو بدترین مرض ہے کیخلاف جنگ جیت لی ہے، یو اے ای میں تقریبا پوری آبادی کو ویکیسن لگائی جا چکی ہے اور کرونا سے نمٹنے کے حوالہ سے بہترین ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے
اسی کرونا وبا کے دوران ہی یو اے ای میں ایکسپو دبئی کا آغاز ہوا جو دنیا کا سب سے بڑا اجتماع ہے، اس ایکسپو میں 190 سے زائد ممالک حصہ لے رہے ہیں اور یہ خطے کی سب سے بڑی ایکسپو ہے ،یہ وہ سال بھی تھا جب یو اے ای نے برقہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کا آغاز کیا تھا، جو عرب خطے کا پہلا ملٹی یونٹ ہے، جس نے قابل تجدید توانائی کے علاقائی اور عالمی مرکز کے طور پر ملک کی قابل فخر حیثیت کو مزید مستحکم کیا۔ یہ چند سال پہلے کا خواب تھا۔ آج برقہ ایٹمی توانائی پلانٹ کے یونٹ 3 کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے۔
یہ پچھلے 12 مہینوں میں یواے ای کے سنگ میل کی صرف تین مثالیں ہیں۔ یہ فہرست درحقیقت ایک طویل ہے جس میں یو اے ای کی تاریخ کی سب سے بڑی قانون سازی اور قانونی ترمیم بھی شامل ہے، جس کا اعلان شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے گزشتہ ہفتے کیا تھا۔
یو اے ای میں پاکستان کے سفیر افضال محمود کی جانب سے یو اے ای کے قومی دن کے موقع پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اور اپنی جانب سے، میں متحدہ عرب امارات کی قیادت اور اماراتی بھائیوں کو ان کے قومی دن کے پرمسرت موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ ایک ایسے وقت میں یو اے ای میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں جب یو اے ای اپنی گولڈن جوبلی منا رہا ہے اور ہم اپنے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔آج متحدہ عرب امارات امن، ترقی اور گڈگورنینسانی کی پہچان کے طور پر اقوام عالم میں فخر کے ساتھ کھڑا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ پانچ دہائیوں میں جو شاندار پیش رفت حاصل کی ہے وہ ملک کو ایک جدید ریاست اور ترقی کرتی ہوئی معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے اماراتی قیادت کے وژن اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یواے ای نے تجارت، مالیاتی خدمات، سیاحت، ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹ کے لیے عالمی معیار کے مرکز کے طور پر ابھرنے کے لیے شاندار پیش رفت کی ہے۔ یہ متاثر کن ترقی رواداری، جامع اقتصادی ترقی اور اختراع کو فروغ دینے سے ممکن ہوئی ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی موجودہ دور اندیش قیادت میں ہمارے دوطرفہ تعلقات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ یہ باہمی فائدہ مند برادرانہ تعلقات سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور دفاعی تعاون سمیت کثیر جہتی تعاون پر محیط ہیں۔ متحدہ عرب امارات تقریباً 1.6 ملین پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے جو نہ صرف ہماری دونوں قوموں کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ایک موثر پل کا کام بھی کرتے ہیں۔ ہمارے بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی طرف سے دیا جانے والا تعاون کئی دہائیوں سے قابل ذکر رہا ہے۔
پاکستان سے سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان نے یوا ے ای کے قومی دن پراپنے دلی جذبات کا اطہار کرتے ہوئے کہا کہ یواے ای نے جس تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کیں اسکی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی اسکے پیچھے آل نہیان کی حب الوطنی اور دانش مندانہ پالیسیاں ہیں کورونا وبا نے پوری دنیا کامعاشی نقشہ تبدیل کر دیا مگرعرب امارات کے حکمرانوں کی بہترین حکمت عملی سے متحدہ عرب امارات میں حالات بہت کنٹرول میں رہے ،مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ امارات کا قومی دن بڑی اہمیت کاحامل ہے یو اے ای کی موجودہ تعمیر وترقی یہاں کے حکمرانوں کی اپنے ملک اور عوام سے گہری محبت اورخلوص کامنہ بولتا ثبوت ہے پوری اماراتی قوم کو دل کی گہرائیوں سے 50ویں نیشنل ڈے کی خوشیاں مبارک ہوں اللہ تعالی یواے ای کومزید کامیابیوں اورکامرانیوں سے نوازے آمین
یو اے ای اور پاکستان دونوں برادرانہ ملک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات ہیں دونوں ممالک کےمابین دوستی کا رشتہ برسوں پرانا ہے جس کے قیام کے لیے ریاست کے بانی عزت مآب مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔مرحوم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے تھے 1971 میں متحدہ عرب امارات کے قیام کے بعد پاکستان دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے نہایت پرجوش انداز میں نہ صرف اسے تسلیم کیا تھا بلکہ اس کی جانب دست تعاون بھی دراز کیا تھا اس وقت سے لے کر آج تک پاکستان نے دوستی کے اس رشتے کو نہ صرف برقرار رکھا ہے بلکہ اسے وسیع سے وسیع تر کرنے کی کوشش کی ہے