دبئی : عرب امارات نے اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کردیا:تل ابیب سے پہلی کمرشل پروازآنے کے لیے تیار،اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے باہمی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کے بعد اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکمران خلیفہ زید بن النہیان نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت اسرائیل کا بائیکاٹ ختم اور اس کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی معاہدے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق یو اے ای کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہےکہ خلیہ زید بن النہیان کے حکم نامے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے معاہدے کے تحت باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلٰی عہدیدار اور داماد جیریڈ کشنر نے تصدیق کی کہ وہ قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن کے ہمراہ پرواز میں شامل ہوں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاھو کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کے مشیر میر بین شببت ‘پیشہ ور وفد’ کی سربراہی کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی وفد کی ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت شعبہ ہوابازی، سیاحت، تجارت، صحت، توانائی اور سلامتی سمیت دیگر امور پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تبادلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ‘امن معاہدہ’ ہوا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بحال ہوجائیں گے۔

Shares: