اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں ڈینگی کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ڈینگی، ہیلتھ آفیسر عمران حیدر سیال نے انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق، عمران حیدر سیال نے اوچ شریف اربن میں المدنیہ اور فیصل ٹائر شاپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود افراد کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹائر شاپس پر کھلے عام رکھے گئے پانی کے برتنوں اور دیگر ایسی جگہوں کا معائنہ کیا جہاں ڈینگی مچھر کی افزائش ہو سکتی ہے۔
دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر موجود دکانداروں اور شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا، جن میں صفائی کا خاص خیال رکھنا، پانی کو کھڑا ہونے سے روکنا اور مچھر مار ادویات کا استعمال شامل ہے۔
ہیلتھ آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں تاکہ ڈینگی کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔
عمران حیدر سیال نے عوامی مقامات اور دکانوں پر خصوصی نگرانی رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی جگہ ڈینگی لاروا پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کو بھی اس مہم میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔