اسلام آباد :پاکستان نے برطانیہ کی جانب سے باضابطہ طور پر پاکستان کو ’’ہائی رسک تھرڈ کنٹریز‘‘ کی فہرست سے نکالنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ قدم 21 اکتوبرکو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے فیصلے کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کنٹرول کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی گئی پیش رفت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہیں، توقع ہے کہ دیگر ممالک بھی اس تناظر میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کریں گے۔ ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر مقبوضہ جموں و کشمیرکی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کو یہ یاد دلانا چاہتا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا واحد اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے انعقاد میں مضمر ہے، کشمیری عوام کو اپنا حق خود ارادیت استعمال کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سمیت یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور بھارت کو مسلمانوں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی غیر قانونی کارروائی اور حربوں سے روکے، بھارتی حکومت کو فوری طور پر ان تمام اقدامات کو کالعدم کرنا ہوگا جن کا مقصد کشمیری عوام کی جمہوری اکثریت اور ان کی نسلی شناخت کو چھیننا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی وحشیانہ بھارتی جبر سے آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے منسوب بیان کی غلط تشریح بھارت کو اپنے غیر ذمہ دارانہ جوہری رویے سے بری الذمہ قرار دینے کی ایک مکروہ کوشش ہے، پاکستان کی سرزمین پر جوہری صلاحیت کے حامل براہموس میزائل فائر کے واقعہ نے ایک جوہری ریاست کے طور پر بھارت کے طرز عمل کے بارے میں کئی سوالات کو جنم دیا ہے جو عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث بنتے رہنا چاہئے۔
ترجمان نے کہا کہ 2021 کے داسو دہشت گرد حملہ کیس کے فیصلے نے ایک بار پھر انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے، ہم نے ایک بار پھر متاثرین کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے، پاکستان ملک میں چینی کارکنوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ دشمن قوتیں پاک چین ہمہ جہتی سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو کبھی کمزور نہیں کرسکتیں۔
فیس بک، ٹویٹر پاکستان کو جواب کیوں نہیں دیتے؟ ڈائریکٹر سائبر کرائم نے بریفنگ میں کیا انکشاف
چائلڈ پورنوگرافی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے کا کیس، سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ
چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث ملزم گرفتار،کتنی اخلاق باختہ ویڈیوز شیطان صفت کے پاس برآمد ہوئیں
لڑکی کو نازیبا ،فحش تصاویر بھیجنے والا ملزم گرفتار