ماسکو :یوکرین نے امریکی مدد سے نیوکلئیر ہتھیاروں کی تیاری شروع کردی،ایٹمی محاذ آرائی ہوسکتی ہے: روس ،اطلاعات کے مطابق روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین نے امریکا کے ساتھ مل کر نیوکلئیر ہتھیاروں کی تیاری شروع کردی ہے۔
قبل ازیں روس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یوکرین امریکی حمایت یافتہ ریسرچ لیبز میں حیاتیاتی ہتھیار بھی تیار کررہا ہے۔
روس کی جانب سے ان دعوؤں کی حمایت میں کوئی ثبوت یا وضاحت پیش نہیں کی گئی کہ کس طرح ایک محصور ملک اچانک جوہری ہتھیار تیار کرنا شروع کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روسی فیڈریشن کی سلامتی کونسل کے سکریٹری نکولائی پیٹروشیف کا کہنا ہے کہ “یوکرین کی طرف سے جوہری ہتھیاروں کی تخلیق سے پوری دنیا کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گا اور یہ جوہری جنگ کا آغاز ہوگا، روس یوکرین کے بے قابو قوم پرستوں کو اپنے پاس رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتا”۔
پیٹروشیف نے منگل کے روز گروزنی میں شمالی قفقاز میں روسی فیڈریشن کی قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ “یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ امریکی مشیر ہی ہیں جو کیف حکومت کی حوصلہ افزائی اور مدد کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “یوکرین کے پاس نیوکلئیر ہتھیار بنانے کے لیے قابلیت، ٹیکنالوجی، خام مال، ترسیل کے ذرائع سمیت سب کچھ ہے۔”
نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے منگل کو کہا کہ نیٹو کو خدشہ ہے روس یوکرین پر اپنے حملے کے ایک حصے کے طور پر “فالس فلیگ” حملے میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔
اسٹولٹن برگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں خدشہ ہے ماسکو ممکنہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں کے ساتھ یوکرین میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔
امریکا نے 9 مارچ کو ان روسی الزامات کی تردید کی تھی کہ وہ یوکرین میں بائیو وار فیئر لیبز چلا رہا ہے، ان دعوؤں کو “مضحکہ خیز” قرار دیا گیا اور تجویز کیا گای کہ ماسکو خود کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیار استعمال کرنے کی بنیاد رکھ رہا ہے۔
روس پہلے ہی یوکرین پر دونیتسک میں ایک کیمیکل پلانٹ کو جان بوجھ کر سبوتاژ کرنے کا الزام لگا چکا ہے، اور دعویٰ کیا ہے کہ اس نے قریبی شہری بستیوں میں زہریلی گیس چھوڑی ہے۔