سپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹر عمر اکمل کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا، سزا میں ڈیڑھ سال کمی کر دی گئی۔
باغی ٹی وی : قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو ریلیف دے دیا گیا، سزا تین سال سے کم کرکے ڈیڑھ سال کر دی گئی ہے۔
ڈسپلنری پینل نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال پابندی کی سزا سنائی تھی جس کے بعد عمر اکمل نے ڈسپلنری پینل کے خلاف اپیل دائر کر کر رکھی تھی۔۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی کھلاڑیوں نےغلطیاں کیں، انہیں کیا سزا ملی۔ عمر اکمل نے وکلا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا کیس لیا۔
کرکٹر عمر اکمل کے وکیل طیب رضوی نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر کے شکر گزار ہیں، سزا میں ڈیڑھ سال کی کمی کی گئی ہے۔ طیب رضوی کا مزید کہنا تھا کہ جج کے سامنے اپنا موقف پیش کردیا تھا، اس سے قبل کرکٹرز کو تھوڑی سزا دی گئی ہے۔ کسی اور فورم پر جانے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کریں گے، اپیل کرنے کی گنجائش ہمارے پاس موجود ہے۔
یاد رہے کہ عمر اکمل کو رواں سال 20 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کیا گیا تھا جس کے سبب وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ بکی نے انہیں میچ فکسنگ کی پیشکش کی لیکن انہوں نے کرکٹ بورڈ کو بروقت اطلاع نہیں دی، بعد ازاں ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے کرکٹر کے خلاف تین سال کی پابندی کا فیصلہ سنایا تھا۔