عمر کوٹ الیکشن، کون بنے گا فاتح ،پی پی یا جی ڈی اے؟ پولنگ جاری

0
49

عمر کوٹ الیکشن، کون بنے گا فاتح ،پی پی یا جی ڈی اے؟ ووٹنگ جاری
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 52 پر ضمنی انتخاب آج ہورہے ہیں

ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کی تمام تیاریاں مکمل ہونے کے بعد انتخابی سامان پولنگ اسٹیشنز پہنچا یا گیا جس کے بعد آج صبح پولنگ کا آغاز ہوا.پولنگ شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی عمرکوٹ میں پی ایس52 پرہونے والے ضمنی انتخاب میں 12 امیدوار مدمقابل ہوں گے، جن میں پیپلزپارٹی کے امیر علی شاہ اور جی ڈی اے کے ارباب غلام رحیم میں کانٹے کا جوڑ پڑے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ووٹروں کی کل تعداد ایک لاکھ 53 ہزار935 ہے۔ حلقے میں پولنگ سٹیشنزکی کل تعداد 128 ہے۔ پچاس پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور چالیس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کے لیے 1400 اہلکار اور 500 کے قریب رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہوں گے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی علی مردان شاہ کے انتقال کے باعث نشست خالی ہوئی تھی۔ عمر کوٹ الیکشن میں تحریک انصاف نے جی ڈی اے کے امیدوار کی حمایت کی ہے جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی نے پیپلز پارٹی کی حمایت کی ہے،

قبل ازیںر عمر کوٹ کے انتخابی حلقے پی ایس 52 میں تعینات 53 پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کو ہٹا دیا گیا۔ پریذائیڈنگ افسران پر سیاسی وابستگی کا الزام تھا، کمیشن کو اس کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ان افسران کو ہٹایاگیا۔

انتخابی افسران کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔ ہٹائے گئے عملے کو مختلف پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کیا گیا تھا، گزشتہ دنوں صوبائی الیکشن کمشنر نے عمر کوٹ کا دورہ کیا تھا، جس میں الیکشن کمشنر نے امیدوار غلام ارباب سے تحفظات سنے تھے۔

سندھ حکومت نے حلقے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ لوگ اپنے ووٹ آسانی سے ڈال سکیں۔ ضمنی انتخاب کے عمل کے دوران پیش آنے والے مسائل کے فوری حل کیلئے شکایات کے ازالے کے سیل بھی قائم کیے گئے ہیں۔

سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ حلقہ پی ایس اٹھاسی ملیر دو میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہونے اور بعض امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لئے جانے کے بعد 12 امیدوار مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔

Leave a reply