امریکا جلد ایران سے نکل جائے گا،چاہتا ہوں معاہدہ طے پا جائے، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا جلد ہی ایران کے معاملے سے نکل جائے گا
اور آنے والے دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں چٹان کی طرح نیچے گرنے والی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ٹیکساس میں ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ ریلی سے خطاب میں ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے اپنے سابقہ موقف کا اعادہ کیا اور واضح کیا کہ واشنگٹن کسی صورت تہران کو ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے سیاسی حل اور معاہدے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں معاہدہ طے پا جائے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ایران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے قابلِ قبول پیشکش کرنے پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ معاہدہ ایک ایسی چیز ہے جو میں واقعی کرنا چاہتا ہوں، لیکن کیا ایران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے کچھ پیش کرنے کو تیار ہے، ہم ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ماضی کی طرح مبینہ سیکورٹی خطرات کا تذکرہ بھی کیا اور لاس اینجلس اور سان ڈیاگو سے متعلق اپنے متنازع بیانات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا پر کوئی حملہ ہوتا ہے تو اس کا سخت اور بھرپور جواب دیا جائے گا، انہوں نے زور دیا کہ امریکی حکومت اپنے ملک اور عوام کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکساس کا یہ تیسرا دورہ تھا، جہاں وہ کانگریس میں ریپبلکن پارٹی کی اکثریت کو برقرار رکھنے کے لیے انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں





