Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گہری کھائی ،تحریر :عَائِشَہ گُل

نقطہ نظر
ayeshagul
مصنف:



چلو بھی جلدی کرو ہمیں دیر ہو رہی ہے اگر تم آہستہ آہستہ چلو گی تو ہمیں کنسرٹ کے لیے سب سے پہلے جگہ کیسے ملے گی؟

چل تو رہی ہوں ایمن کیا تمہیں نظر نہیں آ رہا اچھا اچھا وضاحتیں بند کرو اور چلو میرے ساتھ رابعہ نے ایمن سے پوچھا کہ تم کنسرٹ کو لے کے اتنی ایکسائٹڈ کیوں ہو ؟

ایکسائٹڈ کیسے نہ ہوں گانے سننے سے مجھے سکون ملتا ہے اور جب میرا پسندیدہ گلو کار ہو تو پھر میرا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے ایمن اور رابعہ کی آپس میں بہت اچھی دوستی تھی دونوں ایک ساتھ کالج پڑھتی تھیں رابعہ کا مزاج ایمن سے ذرا مختلف تھا رابعہ کو یہ ساری چیزیں اچھی نہیں لگتی تھیں لیکن وہ دوستی کے لیے یہ سب کرتی ایمن نے خوب مزے سے کنسرٹ کو انجوائے کیا جب گھر واپس آئی تو بہت تھک چکی تھی سیدھا اپنے کمرے میں گئی اور بیگ دور پھینکا موبائل بند کیا اور اوندھے منہ لیٹ گئی ایمن کو پتہ ہی نہ چلا کب اس کی آنکھ لگی اور گہری نیند سو گئی ایمن نے گھٹنوں تک آتی تنگ شرٹ اور ساتھ جینز پہنی ہوئی تھی جس سے جسم کافی نمایاں ہو رہا تھا ۔

ایمن نے دیکھا کہ وہ ایک اندھیرے کمرے میں اکیلی بیٹھی ہے اور اس کے چاروں طرف صرف آگ ہی آگ ہے اس آگ کی جانب کنسرٹ ہو رہا ہے جس میں ایمن ڈانس کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے ایک طرف ایمن اور اس کے کلاس فیلو لڑکے ساتھ میں گپ شپ کرتے نظر آتے ہیں اور دوسری جانب بھی کچھ ایسے ہی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں آگ کی روشنی کے باعث بھی ایمن کو صرف اور صرف اندھیرا ہی نظر آرہا ہے پہلے تو کافی دیر ایمن ان مناظر کو دیکھتی رہی اور پھر اسے اندھیرے سے گھبراہٹ ہونے لگی آگ کی تپش سے جسم پسینے سے شرابور ہو گیا تھا اور آنکھوں میں آنسوں جاری تھے ایمن کو ابھی تک سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کہاں ہے اور کیوں ہے ابھی انہی سوچوں میں گم تھی کہ ایک جانب سانپ نظر آیا ایمن پیچھے کی طرف ہوئی تو پیچھے آگ تھی جو اس کو کنسرٹ کی طرف بلا رہی تھی آؤ ایمن تمہارا پسندیدہ گلوکار ہے تم اس کو سننے کے لیے تو کچھ بھی چھوڑ دیتی تھی تمہیں یہ بلا رہا ہے ایمن ڈر کے پیچھے ہوتی ہے دیکھتی ہے کہ شاید کوئی راستہ مل جائے اس جگہ سے باہر نکلنے کا لیکن افسوس ایک بہت بڑی کھائی ہےجس کے چاروں جانب آگ ہی آگ ہے سانپ ہیں بچھو ہیں فرار کی کوئی راہ نہیں ہے۔ اچانک سے دو لوگ سامنے سے نمودار ہوتے ہیں جنہوں نے سیاہ رنگ کے لباس پہنے ہوئے ہیں آنکھیں بڑی بڑی جن کے چہرے کو دیکھنے کی کوئی جسارت بھی نہیں کر سکتا سر کے اوپر سینگ نکلے ہوئے دونوں نے ہاتھوں میں لوہے کے گز پکڑے ہوئے ہیں جیسے جیسے وہ ایمن کے قریب آتے ایمن کی جان نکلنے لگتی خوف کے مارے ایمن کا برا حال ہوگیا اور ایسے میں ایک نے لوہے کا گز اٹھا کر ایمن کی طرف بڑھایا ایمن کو وہ گز بہت زور سے لگا ایمن چیخنے لگی درد سے بلبلانے لگی ابھی اس درد کی کیفیت ختم نہ ہوئی کہ دوسرا ایمن کی جانب بڑھا اور اسے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹنے لگا ایمن زور سے چلائی کوئی تو میری مدد کرے کوئی تو مجھے بچائے۔

اب وہ ایمن کو اس سے بھی بڑی کھائی جس میں آگ ہی آگ ہے پھینکنے لگے ایمن کا دم گھٹنے لگا وہ زور سے چلائی اور اس کی آنکھ کھل گئی ۔

ایمن نے دیکھا وہ اپنے بستر پر ہے رات کے تین بج رہے ہیں سردیوں کے باوجود ایمن کا پورا وجود پسینے سے بھیگا ہوا ہے تکیہ آنسوؤں سے گیلا ہوا پڑا ہے خوف سے برا حال ہے پہلے پانچ منٹ تو ایمن کو کچھ سمجھ نہ آیا جب سمجھ آیا تو اللہ تعالی کا شکر ادا کیا یا باری تعالی تیرا شکر ہے یہ صرف خواب تھا وہ بے ساختہ بولی اللہم اجرنا من النار

ایک ہفتے کے بعد:

کیا بات ہے ایمن تم کالج بھی نہیں آئی نہ مجھ سے ملتی ہو نہ بات کرتی ہوں آنٹی نے بتایا کہ تم کمرے سے بہت کم باہر نکلتی ہو کیا ہوا ہے مجھے تمہاری یہ حالت پریشان کر رہی ہے اس رات کنسرٹ سے واپس آ کر تم نے کوئی رابطہ نہیں کیا اپنا موبائل بھی بند رکھا ہے مسئلہ کیا ہے ؟

ایمن میں تم سے بات کر رہی ہوں رابعہ نے زور دے کر کہا اسے لگا کہ ایمن اس کی بات کی طرف توجہ نہیں دے رہی

رابعہ تم چلی جاؤ مجھے کسی سے کوئی بات نہیں کرنی اچھا مجھ سے بات مت کرو چلو کالج چلتے ہیں سب لڑکے تمہارا پوچھ رہے ہیں اور sunday کو grand کنسرٹ بھی ہے میں نے تمہاری ٹکٹ بک کروا دی ہے اور مزے کی بات یہ ہے کہ ہماری پہلی سیٹس بک ہو چکی ہیں خبردار رابعہ اگر آج کے بعد تم نے میرے سامنے کسی کنسرٹ کا ذکر کیا میں اب کسی بھی کنسرٹ میں شرکت نہیں کروں گی اور نہ ہی کالج آؤں گی اب جاؤ تم یہاں سے آئندہ مت آنامجھ سے ملنےمجھے اکیلا چھوڑ دو پلیز

یہ سن کر رابعہ بولی یہ بات تو طے ہے کہ میں تمہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑوں گی ایمن ہمیشہ یاد رکھنا میری یہ بات

چھ ماہ بعد:

ایمن تمہاری تبدیلی کی وجہ کیا ہے تم اتنی زیادہ سمجھدار کیسے ہوگئی ہو کہاں تم جینز اور شرٹ کے ساتھ بغیر دوپٹے کے باہر نکلتی تھی اور اب تم عبایا پہن کر نقاب کیے بغیر گھر سے نکلتی نہیں ہو یہ ساری تبدیلی اس رات کے بعد آئی ہے کیا ہوا تھا پلیز بتاؤ نا مجھے رابعہ اس رات جو بھی ہوا میں تمہیں نہیں بتا سکتی لیکن اتنا ضرور کہوں گی کہ اس رات مجھے دو راستوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا تھا تو میں نے انتخاب کیا اپنے اللہ کے راستے کا اس کی محبت کے سفر کا اور اس کی رضا کے لیے زندگی بسر کرنے کا میں نے اللہ سے تجارت کر لی ہے میں نے اس کے لیے اور اپنی آخرت کو سنوارنے کے لیے ماضی کے تمام گناہوں سے توبہ کر لی ہے اللہ پاک سے دعا ہے وہ مجھے میری توبہ پر استقامت عطا فرمائے آمین

رابعہ تمہارا بہت شکریہ تم نے ہمیشہ ہر حال میں میرا ساتھ دیا اچھا دوست اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے تم بہت اچھی دوست ہو ہمیشہ میرے ساتھ رہنا! میں ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں پیاری ایمن چلو اب چلتے ہیں نمازِ عصر کا وقت ہو چکا ہے ہماری باتوں میں کہیں نماز قضا نہ ہو جائے

دونوں نے وضو کیا اور اپنے ربّ کے حضور سجدہ ریز ہو گئیں ۔