ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25ویں صدر منتخب

مظفرآباد: ڈاکٹر نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔
آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں 45 ارکان نے صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ میں حصہ لیا۔پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کیے، جن میں مسلم لیگ (ن) کے 31 ارکان کے ووٹ جبکہ ایک ووٹ دست و بازو پارٹی کے رکن نے دیا۔ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ایک رکن اسمبلی انتخاب کے دوران غیر حاضر رہا۔ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی، پلندری سے ہے۔ وہ 2006 سے 2011 تک آزاد کشمیر کے وزیر صحت رہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی 2016 سے 2021 تک حکومت میں بھی وزیر صحت کے منصب پر فائز رہے۔





