Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کشمیرسنٹر کشمیر کاز کے لیے بہترین انداز میں کام کر رہا ہے,مقررین

مصنف:

لاہور ،کشمیر سنٹر لاہور( جموں و کشمیر لبریشن سیل) کے زیر اہتمام منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ کشمیری صرف اور صرف پاکستان میں شمولیت کی خاطر پون صدی سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ مسئلہ جموں و کشمیر کو قومی وعالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی، قانونی، صحافتی اور عوامی سطح پر مؤثر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔لاہور میں کشمیرسنٹرکشمیرکاز کے لیے بہترین انداز میں کام کررہاہے۔ کشمیرسنٹرلاہورکو مطلوبہ وسائل کی فراہمی اور رکاوٹیں و مسائل کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ یہ مزید بہترانداز میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔


ان خیالات کا اظہار لاہور سے نومنتخب اراکین قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر ناصرحسین ڈار (حلقہ جموں ) اور محمدعامرشاہ (حلقہ وادی ) نے کشمیرسنٹرلاہور میں منعقد ہونے والے سیمینار بعنوان “مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے ہماری آواز” سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار سے سابق ایم ایل اے مولانا شفیع جوش، سابق پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اسمبلی ڈاکٹرفرازانہ نذیر، رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئرمشتاق محمود، انچارج سنٹرانعام الحسن، سینئرقانون دان منظورحسین گیلانی ایڈووکیٹ، پروفیسر اسماء حسن، صدر مسلم لیگ ن لاہور ڈویژن آزادکشمیر راجہ شہزاداحمد، معراج دین شاہین، فاروق جرال، چوہدری صدیق، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی،مقبول اعوان، معروف ادیب نذربھنڈر، امجدراٹھور، علامہ مشتاق قادری، معروف صحافی اقبال شاکر، شیخ امجداوردیگرنے خطاب کیا۔ شرکائے سیمینار نے اس امر پر زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی، قانونی، صحافتی اور عوامی سطح پر مؤثر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک اہم بین الاقوامی حوالہ ہیں اور اس مسئلے کے پُرامن حل کے لیے متعلقہ بین الاقوامی ذمہ داریوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔اراکینِ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کشمیر سنٹر لاہور کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ کشمیرسنٹرلاہور کے پلاٹ پر دفترعمارت کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات بروئے کار لائیں گے ۔ اس مقصد کے لیے حکومت آزادکشمیر ، حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کے ذریعے فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ کشمیری کمیونٹی کو اپنی فلاحی وسماجی سرگرمیوں کی انجام دہی کے لیے کمیونٹی سنٹر مہیاہوسکےنیز تحریک آزادی کشمیر کے لیے بڑی سطح کے پروگراموں کاانعقاد بھی ممکن بنایاجاسکے۔ مقررین نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، میڈیا، دانشوروں اور سول سوسائٹی کو مل کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا چاہیے۔سیمینار کے دوران شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق معاملات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔سیمینار کے اختتام پر شہدائے کشمیر کی بلندی درجات اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی۔