Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد


وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کو اُن کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔


وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب کا ترقی، خوشحالی اور تبدیلی کا قابلِ ذکر سفر نہ صرف سعودی قوم بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر اور قابلِ تحسین ہے،میرے عزیز بھائی، ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور بصیرت افروز قیادت میں سعودی عرب مزید خوشحالی، جدت اور ترقی کی جانب پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔


وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، جو ایمان، باہمی اعتماد اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان گہرے اور دیرپا رشتے پر استوار ہیں۔


انھوں نے کہا کہ آج، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں یہ برادرانہ تعلقات مز ید مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں،جس کی بنیاد امن،سلامتی اور مسلم اُمہ کے اتحاد کے لیے ہماری مشترکہ وابستگی ہے۔ ہم نے فخر کے ساتھ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشتر کہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔


وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس موقع پر سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں، بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ پرڈرون حملے کی کوشش کی ایک بار پھرسخت ترین الفاظ میں مذمت کرتےہیں حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کی حرمت کے تحفظ کے لیے ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ اور ثابت قدم کھڑا رہے گا۔


محمد شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اُن کی دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں اور پاک سعودی برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL