وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں پر کنٹینرز کی تعداد مزید بڑھانے کا فیصلہ

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد اسلام آباد میں دوبارہ سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ شہر اقتدار کے اہم شاہراہوں کے اطراف اور ریڈ زون میں کنٹینرز موجود ہیں۔ داخلی راستوں پر مزید کنٹینرز پہنچانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سندھ سے منگوائی گئی پولیس نفری بھی اسلام آباد میں موجود ہے جبکہ پنجاب سے آنے والی نفری کو اسٹینڈ بائے پر رکھا گیا ہے ۔ لانگ مارچ قریب پہنچتے ہی اسلام آباد کے داخلی راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں رینجرزتعیناتی میں توسیع کردی گئی ہے،5 سے 15 اکتوبرتک بڑھا دی گئی،3ہزار اہلکار 15 اکتوبر تک تعینات رہیں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دوران پریس کانفرنس کہا کہ کسی بھی صورت میں 9مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، مذاکرات ختم ہونے کے ذمہ دار صرف سہیل آفریدی ہیں، ایک بھی جان گئی تو ذمہ دار سہیل آفریدی ہوں گے۔ صوبے میں جنگ ہورہی ہے،وزیراعلیٰ کے پی فوج کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ جو بھی اسلام آباد آئے گا وہ توہین عدالت کا مرتکب ہوگا، اسلام آباد پر بار بار دھاوا بولنے والا سلسلہ ختم کرکے رہیں گے، لانگ مارچ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، کے پی میں بھی جائیں گے، اب صدر مملکت اور وزیراعظم جو فیصلہ کریں گے اس پر عملدرآمد ہوگا۔
مزید پڑھیں





