Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چھوٹی و درمیانی صنعتوں کیلئے طویل المدتی قرض کی شرح سالانہ 2 فیصد کرنے کا مطالبہ


کراچی: چھوٹی صنعتوں کی بقا کیلئے فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے گورنر سٹیٹ بینک کو خط ارسال کر دیا، جس میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کیلئے طویل المدتی قرض کی شرح سالانہ 2 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

صدر فباٹی رضا حسین نے کہا کہ سٹیٹ بینک چھوٹی صنعتوں کی بحالی کیلئے فکسڈ ریٹ فنانسنگ سکیم متعارف کرائے، چھوٹی صنعتوں کو کاروبار کیلئے کائیبور پر 2 فیصد کی شرح پر قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ بینکوں سے ملنے والے مہنگے قرضوں کے باعث مشینری خریدنا اور صنعتی پیداوار بڑھانا مشکل ہوگیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ چھوٹی صنعتیں بلند شرح سود، توانائی کے ٹیرف اور بڑھتے ہوئے محصولات کے باعث مسلسل دباؤ کا شکار ہیں، گورنر سٹیٹ بینک چھوٹی صنعتوں کیلئے خصوصی فنانس سکیم کا جامع اور دیرپا منصوبہ تیار کریں۔

رضا حسین نے کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک برآمد کنندگان کی طرح چھوٹی صنعتوں کو بھی کم شرح پر فنانسنگ فراہم کریں، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتی بندش میں اضافہ بیروزگاری کو مسلسل بڑھا رہا ہے۔

فباٹی کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بھی ایس ایم ای پالیسی کے حوالے سے خط ارسال کیا گیا ہے۔