Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کوہاٹ دھماکا، اختیار ولی کا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے استعفے کا مطالبہ


پشاور: اختیار ولی خان نے کوہاٹ دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار اور شہری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ صوبے کا وزیراعلیٰ کراچی اور لاہور میں ٹک ٹاک بنا رہا ہے؟ ان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ٹک ٹاک بنانے سے ہی فرصت نہیں، جبکہ صوبے میں تعلیم اور صحت کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولہ دن سے صوبے کا وزیراعلیٰ کہاں ہے؟ سہیل آفریدی استعفیٰ دے دیں، صوبے کا گزارہ ہوجائے گا۔ اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہورہے ہیں اور دونوں شعبوں کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز دہائیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور اسمگلروں کا راج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بندروں کی حکومت آگئی ہے اور صوبے کی انتظامی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کہہ دیں کہ گورنر راج لگا دیں، ہم صوبہ سنبھال لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ صوبے کا وزیراعلیٰ 16 دن سے غائب ہے، جبکہ صوبے کی پولیس کا مورال بلند کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ذمہ داران شہدا کے جنازوں میں شرکت نہیں کرتے، جبکہ صوبے میں پولیس، ڈاکٹرز اور خاصہ دار فورس ہڑتال پر ہے۔ انہوں نے کوہاٹ دھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کی مجموعی انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر بھی سوالات اٹھائے۔