مقبوضہ کشمیر،ٹریفک حادثات میں 9 بھارتی فورسز اہلکاروں سمیت 57 افراد زخمی

مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع رامبن میں کیلا موڑ اور ماروگ کے مقامات پر دو مختلف سڑک حادثات میں 9 بھارتی فورسز اہلکاروں سمیت 57 افراد زخمی جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ کیلا موڑ پر سویلین بس حادثے میں ایک شخص ہلاک اور 47 زخمی ہوئے، جبکہ زخمیوں کی مدد کے لیے آنے والی قابض بھارتی فورسز کی گاڑی ماروگ میں حادثے کا شکار ہونے سے ایک افسر سمیت 9 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب بھارت کے غیر قانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر کے ضلع ادھم پور میں لوگوں نے علاقے کی سڑک کی خستہ حالی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔لوگوں نے جموں کو اُدھم پور شاہراہ سے ملانے والی رہمبل علاقے کی ’زیرو موڑ فلاٹا روڈ‘ کی انتہائی خستہ حالی کے خلاف محکمہ پبلک ورکس کے حکام کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کرنے والے مقامی افراد فلاٹا کے مقام پر جمع ہوئے اور متعلقہ حکام کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ وہ سڑک کی فوری مرمت اور اس پر نئی تارکول بچھانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سڑک کی حالت انتہائی ابتر ہے اور اس پر گاڑیاں چلانا تو درکنار، پیدل چلنا بھی مشکل ہے، لہٰذا اس کی فوری مرمت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ اعلیٰ حکام کو سڑک کی خراب حالت سے بارہا آگاہ کیا گیا، لیکن اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر حکام نے معاملے کی طرف فوری توجہ نہ دی تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔
مزید پڑھیں





