میرے خواب، میری خواہشیں،تحریر:: مبراء عبدالقیوم
نقطہ نظر
خواب انسان کی زندگی کا وہ خوبصورت حصہ ہیں، جو اسے موجودہ حالات سے آگے دیکھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ ہر انسان کے دل میں کچھ خواہشیں ہوتی ہیں، کچھ منزلیں ہوتی ہیں اور کچھ ایسے خواب، جنہیں وہ دنیا سے چھپا کر اپنے دل میں سنبھالے رکھتا ہے۔ میرے بھی کچھ خواب ہیں، کچھ خواہشیں ہیں، کچھ دعائیں ہیں جو میری زندگی کے سفر کو معنی دیتی ہیں۔
میرا خواب صرف یہ نہیں کہ زندگی آسان ہو جائے، بلکہ یہ ہے کہ میں مشکل راستوں پر چلتے ہوئے بھی اپنے حوصلے کو زندہ رکھ سکوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میری محنت مجھے وہاں لے جائے، جہاں پہنچ کر مجھے اپنے گزرے ہوئے دنوں کی تھکن یاد آئے، تو اس کے ساتھ اطمینان بھی محسوس ہو۔
میری ایک بڑی خواہش یہ ہے کہ میرے الفاظ صرف الفاظ نہ رہیں۔ میں جب لکھوں تو میری تحریر کسی کے دل میں اترے، کسی سوچ کو بدلنے کا سبب بنے۔ کسی اداس انسان کو امید دے اور کسی بے سمت شخص کو اپنے راستے پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کرے۔ میرے لیے قلم محض اظہار کا ذریعہ نہیں، بلکہ احساس اور ذمہ داری کا نام ہے۔
میں چاہتی ہوں کہ میری زندگی میں کامیابی آئے مگر ایسی کامیابی نہیں جو صرف نام اور شہرت تک محدود ہو۔ میری خواہش ہے کہ کامیابی کے ساتھ عاجزی بھی باقی رہے، عزت کے ساتھ کردار بھی اور مصروفیت کے باوجود اپنوں کے لیے وقت بھی رہے۔ انسان بہت کچھ حاصل کرکے بھی خالی رہ سکتا ہے، اگر اس کے پاس دل کا سکون نہ ہو۔
میرے کچھ خواب اپنے بچوں سے وابستہ ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ اپنی زندگی میں اچھے انسان بنیں۔ اپنے فیصلے سمجھ داری سے کریں اور اپنے رب سے مضبوط تعلق قائم رکھیں۔ ان کی کامیابی میرے لیے کسی بھی ذاتی کامیابی سے زیادہ قیمتی ہے۔
کچھ خواہشیں ایسی بھی ہیں جو ماضی سے جڑی ہوئی ہیں۔ انسان چاہے کتنا ہی آگے بڑھ جائے، اپنے گزرے ہوئے لوگوں اور لمحوں کو دل سے مکمل طور پر جدا نہیں کر سکتا۔ بعض خواب ایسے ہوتے ہیں جن میں ہمیں وہ لوگ دوبارہ مل جاتے ہیں جنہیں وقت ہم سے دور لے گیا تھا۔ ایسے خواب حقیقت نہ بھی بنیں تو دل کے کسی کونے میں روشنی ضرور چھوڑ جاتے ہیں۔
میں نے یہ بھی سیکھا ہے کہ ہر خواہش کا پورا ہونا ضروری نہیں ہے۔ بعض اوقات ہم ایک چیز کے لیے بہت دعائیں کرتے ہیں، لیکن بعد میں سمجھ آتا ہے کہ اللہ نے اسے ہم سے دور کرکے ہمارے لیے بہتر راستہ کھولا تھا۔ اس لیے اب میری خواہشوں کے ساتھ ایک دعا بھی شامل ہے کہ اے میرے رب! اگر میرے خواب میرے حق میں بہتر ہیں تو انہیں آسان فرما، اور اگر ان میں میرے لیے نقصان ہے تو میرے دل کو ان سے بے نیاز کر دے۔
میرے خواب بڑے ضرور ہیں، مگر میں جانتی ہوں کہ خواب صرف دیکھنے سے حقیقت نہیں بنتے۔ ان کے لیے محنت، صبر، مستقل مزاجی اور وقت درکار ہوتا ہے۔ راستے میں ناکامی بھی آئے گی، لوگ حوصلہ بھی توڑیں گے۔ کبھی خود اپنے قدم بھی رکنے لگیں گے مگر خواب وہی خوبصورت ہیں، جن کے لیے انسان دوبارہ اٹھنے کا حوصلہ پیدا کرے۔
آخرکار میری سب سے بڑی خواہش یہی ہے کہ جب زندگی کا یہ سفر اختتام کی طرف بڑھے تو میں اپنے پیچھے صرف اپنی کامیابیوں کی فہرست نہ چھوڑوں۔ بلکہ کچھ ایسے اچھے کام، خوبصورت الفاظ اور دعائیں چھوڑ جاؤں جو میرے بعد بھی کسی کے کام آ سکیں۔
میرے خواب میری پہچان ہیں، میری خواہشیں میری امید۔ اور میری سب سے بڑی امید یہ ہے کہ میرا رب میرے خوابوں سے بھی زیادہ خوبصورت، میرے لیے وہ راستہ منتخب کرے جو میرے حق میں بہتر ہو۔
مزید پڑھیں





