Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس اور ای پی اے کا مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ


ٹریفک پولیس اور ای پی اے (تحفظِ ماحول کا ادارہ) کی جانب سے شاہراہوں پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


اس سلسلے میں ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز سید ندیم عباس کی جانب سے پنجاب بھر کے تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ مراسلے کے مطابق ٹریفک پولیس اور ای پی اے کی جانب سے مشترکہ ناکہ بندی کی جائے گی، کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس، ای پی اے اور محکمہ ٹرانسپورٹ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے۔


ریت، ملبہ اور بھوسہ لے جانے والی کھلی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،تعمیراتی میٹریل لے جانے والی تمام گاڑیوں کے لیے مواد کو ترپال سے ڈھانپنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے،موٹر سائیکلز سمیت تمام گاڑیوں میں ہیڈ لائٹس اور بیک لائٹس کا فعال ہونا لازم قرار دیا گیا ہے،کمرشل، ہیوی ٹرانسپورٹ، لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر ریفلیکٹو ٹیپس اور اسٹیکرز لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


اوور اسپیڈنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے،دھند والے علاقوں میں کیریج وے اور روڈ شولڈرز پر ہیوی گاڑیوں کی پارکنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ،ڈرائیورز کو گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنے، رفتار کم کرنے اور لازماً فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایات اور آگاہی دینے کا حکم دیا گیا ہے۔