وزیراعلیٰ پنجاب کا چاند رات اورعید پر بازاروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چاند رات اورعید پر بازاروں اور مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔ عوام کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے احتیاط کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ کورونا وباء کیخلاف حکومتی اقدامات پر عملدر آمد میں ہی شہریوں اور ان کے پیاروں کی حفاظت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عید سماجی فاصلے برقراررکھتے ہوئے منائیں۔ آج کا وقتی فاصلہ مستقل فاصلوں سے بچائے گا۔احتیاط، حفاظتی تدابیر اورحکومتی اقدامات پر عملدرآمد سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم اپنے عوام کے لیے ہے۔ عید کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید پر کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں،نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ کورونا مریضوں کی صحت یابی کیلئے عید کے لمحات کوہسپتال میں گزارنے والے ڈاکٹرز اورہیلتھ پروفیشنلز قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اورہیلتھ پروفیشنلز کی محنت اوراللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہزاروں مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ عید کے لمحات ہسپتالوں میں گزارنے والے ہیلتھ پروفیشنلز ہمارے محسن ہیں۔کورونا کے مشکل لمحات میں ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر،نرسز اورہیلتھ پروفیشنلز ڈیوٹی نہیں خدمت کررہے ہیں۔ ڈاکٹروں کی خدمات کا ذاتی طورپربھی معترف ہوں۔ ڈاکٹروں کیلئے جو بھی ممکن ہوسکاضرور کریں گے، خدمات کو فراموش نہیں کیا جائیگا۔ قوم مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے –