وجاہت نے نئی جماعت بنانی ہے تو بنالے،شجاعت حسین بھائی پر برس پڑے

0
46

مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت چھوٹے بھائی چودھری وجاہت کے الزامات پر برس پڑے۔اپنے ردعمل میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میرے بیٹوں پر آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کی باتیں بیہودہ ہیں، سالک حسین نے میرے کہنے پر شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے ووٹ دیا ، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی۔

مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانی ہے تو بنا لیں ، ملک میں ایک نئی جماعت بننے سے فرق نہیں پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ طارق بشیر چیمہ پر چودھری خاندان کو تقسیم کرنے کا الزام جھوٹ ہے، گجرات جا کر بتاؤں گا کس کا کون سا حلقہ ہے؟

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت حسین نے کہا تھا کہ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا ہے۔ 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنیکی کوشش کی مگر چودھری شجاعت حسین اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں، شجاعت حسین کو انکے بیٹوں نے یرغمال بنارکھا ہے۔

چودھری حسین الٰہی کے ہمراہ گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری وجاہت حسین کا کہنا کہ ہم نئی جماعت بنائیں گے، 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنیکی کوشش کی، شجاعت حسین کو انکے بیٹوں نے یرغمال بنارکھا ہے، شجاعت حسین کو اولاد خراب کر رہی ہے، الیکشن کسی وقت بھی متوقع ہیں اورعوام کی رائے سے کوئی لا علم نہیں ہے.

انہوں نے کہا کہ ق لیگی کےسربراہ نے مجھے کہا ہے کہ عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے ایک ہیں، کیا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی آگے ہے جبکہ دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے۔ چودھری ظہور الٰہی خاندان کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی.

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شجاعت حسین کی خاندان سے قربت ہوتے دیکھ کر کبھی آصف علی زرداری، کبھی وزیراعظم شہباز شریف ، کبھی مولانا فضل الرحمان انکے گھر پہنچ جاتے ہیں۔ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیمِ کر دیا۔ آصف زرداری جتنے پیسے بانٹتا پھرتا ہے اتنے توچودھری شجاعت خیرات میں دیا کرتے ہیں، افسوس کا مقام ہے شجاعت حسین کابیٹا زرداری سے ڈالرمانگ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار عمران مسعود ہی ہیں، جونیجو دور سے لیکر کئی سالوں تک نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا ،جب جدہ گئے تب ساتھ چھوڑا۔ مشرف کا ساتھ اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے۔ عمران خان سے اپنا وعدہ پورا کرینگے۔ سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، پی ڈی ایم اے کو جب تک ٹیک دینے والے اور باہر کی قوتیں ساتھ ہیں وہ چلیں گے وگرنہ دو دن نہیں چل سکتے.

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی نے کہا کہ جو مخالفین ہمارے حلقوں، ضلعوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں، ہم مخالفین کادلیری سے مقابلہ کرینگے، واپسی کاکوئی راستہ نہیں ہے. ن لیگی حکومت چودھری پرویز الٰہی، مونس الہیٰ پر مقدمات درج کروا رہی ہے جبکہ دوسری طرف گھر کے افراد شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانیاں کروا رہے ہیں، ظہور الٰہی خاندان کے اپنے افراد ہی خاندان کو کمزور کررہے ہیں۔

Leave a reply