وکیل کو تھپڑ مارنے والے اہلکار کیخلاف مقدمہ درج
کراچی میں پی آئی ڈی سی چوک پر استادوں کے احتجاج کے دوران وکیل کو تھپڑ مارنے والے پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق پی آئی ڈی سی چوک پر 2 روز قبل مستقلی کے لئے احتجاج کرنے والے آئی بی اے پاس ہیڈ ماسٹرز کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکار اور وکیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر اہلکار نے وکیل کو تھپڑ مار دیا تھا۔اس واقعے کا مقدمہ وکیل مختیار احمد کی مدعیت میں تھپڑ مارنے والے اہلکار کے خلاف سول لائن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔مدعی وکیل نے پولیس کو بیان دیا کہ میرے ایک جاننے والے استاد مظاہرے میں شریک ہوئے تھے، جس کے دوران اہلکار نے ان سے موبائل فون چھین لیا، میں نے اہلکار سے 2مرتبہ موبائل فون واپس دینے کی درخواست کی تو اہلکار نے موبائل فون واپس دینے کے بجائےمجھے وکیل کے یونیفارم میں ہونے کے باوجود میرے ساتھ گالم گلوچ کی، دھکے دیئے اور مارا پیٹا۔واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے وکیل پر مبینہ تشدد کے خلاف کراچی بار ایسوسی ایشن کے اعلان پر گزشتہ روز سٹی کورٹ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔