پاکستانی اداکارہ اور میک اپ آرٹسٹ زویا ناصر نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ کو تین بار موٹروے سے اغوا کیا جاچکا ہے۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق حال ہی میں زویا ناصر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام نعمان اعجاز شو ’جی سرکار‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر سمیت ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی۔

زویا نے کہا کہ مجھے موٹروے سے بہت ڈر لگتا ہے کیونکہ میری والدہ کو اُس وقت 3 بار گاڑی سمیت موٹروے سے اغوا کیا گیا جب وہ ایم پی اے تھیں، ڈاکو انہیں گاڑی میں بٹھا کر سنسان علاقے میں لے جاتے تھے، اور وہیں چھوڑ دیتے تھے جبکہ خوش قسمتی سے تینوں مرتبہ گاڑی بازیاب کرالی گئی۔

علاوہ ازیں پروگرام میں زویا نے حال ہی پیش آنے والے واقعے سے متعلق بتایا کہ کچھ روز قبل شوٹنگ سے واپس آرہی تھی اور میں کراچی کے علاقے تین تلوار پر تھی جبکہ میرے ساتھ ساتھی اداکارہ تارہ محمود تھیں، اس دوران ہماری گاڑی ڈاکوؤں نے روک لی۔

اداکارہ نے کہا کہ ڈاکوؤں نے گاڑی کا دروازہ کھول کر سامان مانگا، مجھے اس وقت کچھ سمجھ نہیں آیا، میں گاڑی سے نکل کر بھاگی اور چیخنے لگی جو کہ بہت بیوقوفانہ عمل تھا، اس وقت اس ڈاکو کے پاس پستول نہیں تھی، اسی لیے میں بچ گئی۔

واضح رہے کہ اداکارہ زویا ناصر کی والدہ آمنہ الفت سیاست دان ہیں جو 2008 میں پنجاب سے رکن صوبائی اسمبلی رہ چکی ہیں۔

پروگرام کے دوران زویا ناصر نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد فلمیں لکھتے اور بناتے رہے ہیں جب کہ ان کی والدہ بیوٹی سیلون چلاتی رہی ہیں، جس وجہ سے انہیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا مگر گھر والے انہیں اجازت نہیں دے رہے تھے والدین نے انہیں تعلیم مکمل کرنے کی وجہ سے اداکاری کی اجازت تاخیر سے دی اور ان کے والدین کی خواہش تھی کہ وہ ان کے بیوٹی سیلون کے کاروبار کو دیکھیں۔

زویا ناصر نے بتایا کہ جب انہیں اداکاری کی اجازت ملی تب اچانک کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں لاک ڈاؤن لگ گیا اور وہ لاہور میں تنہا پھنس گئیں اور اسی دوران ہی انہوں نے دوستوں کے کہنے پر یوٹیوب چینل کھولا انہوں نے مذاق میں یوٹیوب چینل کھولا مگر جلد ہی ان کی شناخت ایک یوٹیوبر کے طور پر ہونے لگی۔

زویا ناصر نے بتایا کہ ان کی مادری زبان پنجابی ہے مگر وہ ان کی زیادہ تر زندگی کراچی اور امریکا میں گزری ہے، جس وجہ سے ان کا مادری زبان کا لہجہ کچھ تبدیل ہوگیا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ پیش کش ہونے پر پنجابی فلم میں کام کریں گی۔

زویا ناصر کے ہمراہ جنید خان نے بھی شو میں شرکت کی اور بتایا کہ انہوں نے اداکاری کی وجہ سے کچھ عرصے کے لیے گلوکاری سے وقفہ لیا ہے جنید خان نے حالیہ ڈراموں کے اسکرپٹ پر بھی بات کی اور انہیں یکسانیت کا شکار قرار دیا۔

Shares: