کراچی :خبردار،ہوشیار:کراچی میں اومی کرون کا دوسرا کیس:مریض قرنطینہ سینٹرسے فرار ،اطلاعات کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے جنوبی افریقی ویرینٹ اومی کرون کا دوسرا کیس سامنے آگیا ہے۔مگرپریشانی کی بات یہ ہے کہ یہ مریض فرار ہوگیا ہے اوراس کی فراری کی خبرسُن کرہرکوئی خبردار ہوگیا ہے

ذرائع محکمہ صحت کے مطابق اومی کرون وائرس میں مبتلا 35 سالہ شخص برطانیہ سے کراچی پہنچا تھا، رینڈم چیکنگ میں متعلقہ شخص میں پہلے کورونا اور بعد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی، متاثرہ شخص کو محکمہ صحت نے ائیرپورٹ سے شارع فیصل پر واقع نجی ہوٹل منتقل کیا۔

کراچی سے محکمہ صحت کے ذرائع کا بتانا ہے کہ متاثرہ شخص میں جینوم سیکوئنسنگ کے بعد اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔حکومت نے کیٹیگری سی اور اومی کرون والے ممالک پر سفری پابندی لگا رکھی ہے لیکن برطانیہ کیٹیگری سی میں نہیں آتا۔

ذرائع محکمہ صحت کا یہ بھی بتانا ہے کہ اومی کرون سے متاثرہ شخص ہوٹل کے قرنطینہ سے فرار ہو گیا، قرنطینہ پر سکیورٹی فراہم کرنا محکمہ داخلہ، پولیس اور متعلقہ ڈی سی کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع کے مطابق نجی ہوٹل میں اب بھی کورونا سے متاثرہ 19 افراد قرنطینہ میں موجود ہیں، نجی ہوٹل میں متاثرہ لوگ قرنطینہ میں ہیں لیکن انہیں سکورٹی اب بھی فراہم نہیں کی گئی۔

ذرائع محکمہ صحت کا یہ بھی بتانا ہے کہ کورونا سے متاثرہ 19 میں سے 5 افراد کی جینوم سیکوئنسنگ ابھی ہونی ہے، سکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث اب تک 38 افراد قرنطینہ سے فرار ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بیرون ملک سے آنے والی خاتون کورونا میں مبتلا تھیں جن کے اومی کرون میں مبتلا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ متاثرہ خاتون کی اب جینوم سیکوئنسنگ کی گئی ہے جس کے نتائج میں اومی کرون کی تصدیق ہوگئی تھی ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ خاتون کے رابطے میں آنے والے 51 افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا تھا کہ اومی کرون ویرینٹ دنیا کے 63 ممالک میں پھیل چکا ہے ۔ یہ ڈیلٹا سے زیادہ تیزی کے ساتھ پھیلتا اور ویکسین کے خلاف زیادہ مدافعت رکھتا ہے۔

Shares: