وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی اور کنوینر ذیلی کمیٹی برائے کوٹہ سسٹم کی ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد۔ ملازمتوں میں اقلیتوں، معذوروں اور بلوچستان کے کوٹے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، ملازمتوں میں کوٹے کے نفاذ کو مانیٹرنگ کے لیے این آئی ٹی بی سے سافٹ وئیر بنوانے پر غور کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی اور کنوینر ذیلی کمیٹی برائے کوٹہ سسٹم علی نواز اعوان نے بدھ کو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
اجلاس میں ارکانِ قومی اسمبلی میجر ریٹائرڈ طاہر صادق اور محمد اسلم خان نے بھی
شرکت کی۔ اجلاس میں ملازمتوں میں اقلیتوں، معذوروں اور بلوچستان کے کوٹے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ این آئی ٹی بی سے ایسا سافٹ وئیر بنوا یا جائے جو ملازمتوں کے اشتہارات میں کوٹہ کے نفاذ کو یقینی بنانے
اور اس نظام کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کو یقینی بنانے میں مدد کرے ۔ اس موقع پر کمیٹی کے رکن میجر طاہر صادق نے کہا کہ مستقل پتہ معلوم کرنے کے لیے ڈومیسائل کیوں ضروری ہے جبکہ ہر فرد کے شناختی کارڈ میں یہ معلومات موجود ہیں؟ کمیٹی کے کنوینر علی نواز اعوان نے کہا کہ اس معاملے پر نادرا سے رائےلی جائے گی اور انہیں اگلے اجلاس میں بلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسائل بنوانے کا طریقہ مشکل ہے جسے آسان بنایا جانا چاہیے۔ اس موقع پر وزارتِ سیاحت کے حکام نے اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے کمیٹی ارکان کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحت کے حوالے سے بہت پوٹینشل موجود ہے۔
یہاں گولڑہ شریف اور بری امام جیسے شہرہ آفاق مزارات مذہبی سیاحت کے لیے بہت اہم ہیں یہاں سیاحوں کی سہولت اور کشش کے لیے جدید طریقے اپنانے کی ضرورت ہے۔