وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی ، تاجروں اور صنعتکاروں سے رابطے

0
56

وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے آج مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی ، تاجروں اور صنعتکاروں سے حالیہ گیس بحران پر رابطے کئے اور گیس بحران کے تیز تر حل کے لئے بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل کی مینٹیننس عید کی تعطیلات میں کی جا سکتی تھی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت میں بیٹھے لوگ سردیوں میں بجلی اور گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کرتے ہیں اور ایل این جی منگوانا ہوتو فرنیس آئل اور فرنیس آئل منگوانا ہوتو ایل این جی منگواتے ہیں۔
امتیاز شیخ نے کراچی چیمبر کے صدر شاہ رخ وہرہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اپنی صنعتوں کے پہیے کو رواں دواں رکھنے کے لئے تمام تر مساعی بروئے کار لائیں گے۔
صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ سے بات کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر عمران منیار نے کہا کہ ایل این جی پلانٹ کل سے فعال ہوگا تو سسٹم میں گیس آنا شروع ہو گی انہوں نے وزیر توانائی سندھ کو بتایا کہ مکمل گیس بحالی میں مزید تین سے چار دن لگیں گے۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ گیس لوڈشیڈنگ سے کمرشل کے ساتھ ساتھ گھریلو صارفین بھی شدید مشکلات کا شکار ہورہے ہیں اور وفاقی حکومت کی نالائقی پر مبنی پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔معروف تاجر رہنما زبیر موتی والا نے وزیر توانائی سے رابطے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے صنعتکاروں کو حوصلہ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے حق کے لئے موثر آواز اٹھانے پر ہم سندھ حکومت کے شکرگزار ہیں۔وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور سندھ حکومت صوبے کی صنعتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

Leave a reply