وزیرِ اعظم عمران خان سے ملتان سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی ارکانِ اسمبلی کی ملاقات
ملاقات میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، مخدوم خسروہ بختیار، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، جمشید اقبال چیمہ، وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء مخدوم ہاشم جواں بخت، حسین جہانیاں گردیزی اور بڑی تعداد میں مقامی قومی و صوبائی ارکان نے شرکت کی.
ملاقات میں جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان کے مسائل اور ان کے تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر گفتگو ہوئی. اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ علاقے کے گیارہ ہزار پرائمری سکولوں کو سولر پر منتقل کر دیا گیا ہے جن میں 2500 سکول ایسے ہیں جن میں پاکستان بننے کے بعد موجودہ حکومت میں بجلی میسر آسکی ہے. مزید ان سکولوں میں گرلز سکولوں کی شرح 42 فی صد ہے. اسکے علاوہ لیہ میں سولر پاور پراجیکٹ پر پیش رفت، آر ایل این جی منصوبے پر پیش رفت کے ساتھ ساتھ تمام جاری منصوبوں پر پیش رفت گفتگو کا حصہ رہی.
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت کی خصوصی توجہ اس وقت اس علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی پر ہے. موجودہ حکومت کو یہ ملک دیوالیہ اور خزانہ تقریباً خالی ملا تھا. حکومت کی کوششوں کی وجہ سے ملک اب مثبت سمت کی طرف گامزن ہے.
مزید وزیرِ اعظم نے پنجاب گورنمنٹ کو کرپشن کی شکایات کے حوالے سے ایک پورٹل بنانے کی ہدایات دیں اور انکوائری کے بعد کرپشن ثابت ہونے والے حکام کو قرار واقعی سزا دینے کی بھی ہدایات دیں.