وزیراعظم کل سکھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے

0
47

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف (کل )جمعہ کو سکھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے۔


اپنےایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد اقتصادی امور ڈویژن میں سیلاب متاثرین کی امداد، ریسکیو، ریلیف اور بحالی میں تعاون کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ریسکیو، ریلیف، متاثرین میں نقد رقوم کی تقسیم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو چیئرمین این ڈی ایم اے اور ہنگامی امداد کے صوبائی اداروں نے سیلاب کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعظم ( کل) جمعہ کو سکھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، متاثرین سے ملیں گے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر اجلاس منعقد کیا گیا.تین گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیلئے اہم فیصلے لیے گئے.وزیرِ اعظم نے ملک میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر تمام صوبائی حکومتوں کا اعلی سطح کا اجلاس طلب کر لیا.اجلاس میں وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیرِ اعلی گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے وزراءِ اعلی شریک ہونگے.

وزیرِ اعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد کو مزید تیز اور منظم کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں. وفاقی وزراء اور اتحادی رہنماؤں کی سربراہی میں پینے کے صاف پانی، خیموں، مچھر دانیوں، ادویات و طبی امداد اور راشن پر علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں.کمیٹیاں تمام صوبوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں مزکورہ اشیاء کی فوری فراہمی یقینی بنائیں گی.کمیٹیوں کا آج رات تک نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا.

وزیرِ اعظم نے فوری طور پر اسلام آباد میں سفراء کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے.سفراء کو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اعتماد میں لیا جائے گا. سفراء کو حکومت کے ریسکیو اور امدادی آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا.

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارتِ خزانہ کو سیلاب متاثرین کے فوری ریسکیو اور مدد کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی.

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جس قدر ہو سکے وسائل مہیا کریں.وزیرِ اعظم نے BISP کے تحت جاری فلڈ ریلیف کیش پروگرام میں تقسیم میں تعطل کا سخت نوٹس لیا ،وزیرِ اعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گزشتہ اجلاس میں BISP کو تین دن کے دوران فلڈ ریلیف کیش کی رقم تقسیم کرنے کی ہدایات پر عملدرآمد کیونکر نہ ہوا؟ .وزیرِ اعظم نے BISP کو 2 ستمبر تک فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 25 ہزار فی متاثرہ خاندان پہنچانے کی دو ٹوک ہدایات کر دیں. وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جو بنک اس ٹارگٹ کو پورا نہ کر سکے انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے.

Leave a reply