وزیر جیل خانہ جات نے پیرول پر رہائی کے حوالے سے سفارشات طلب کر لیں

لاہور: وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پیرول پر زیادہ سے زیادہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے متعلقہ حکام سے سفارشات طلب کر لیں۔ انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ قیدیوں کو اس سہولت سے فائدہ مل سکے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت کے دورے کے دوران کیا۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور ریجن نوید رءوف اور سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل لاہور اعجاز اصغر نے انکا استقبال کیا۔ گارڈز کے ایک چاق و چوبند دستے نے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیر جیل خانہ جات نے جیل میں قائم اسپتال، کچن، ہومیوپیتھک کلینک، سنٹرل کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے قیدیوں کے لیے بنائی گئی مین لائبریری، حفظ سنٹر اور درس نظامی کلاسز کا بھی جائزہ لیا۔ جیل میں قائم انڈسٹریل اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں قیدیوں کو دی جانے والی ٹریننگ اور پڑھائے جانے والے کورسز کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر جیل خانہ جات نے خواتین قیدیوں کے مختلف بیرکس کا معائنہ کیا اور ان سے سہولیات بارے استفسار کیا۔ نیز قیدیوں کے ساتھ جیل میں بنا کھانا کھایا اور گپ شپ کی۔فیاض الحسن چوہان نے قیدیوں کی فلاح کے لیے بہترین صفائی اور انتظام و انصرام پر جیل انتظامیہ کو مبارکباد بھی دی۔

Comments are closed.