اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے باغی رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ہماری عمران خان سے ذاتی کوئی دشمنی نہیں،پالیسیوں سے اختلاف ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے باغی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 6 ماہ پہلے وزیراعظم کو کہا تھا پنجاب میں ڈی سی، اے سی کا عہدہ بک رہا ہے۔ عثمان بزدار اپنا سامان باندھ رہے ہیں، خان صاحب نے تو پہلے ہی سامان باندھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا میں ایک بھی قابل آدمی نہیں جو کسی ناراض ممبر کو منالیتا، ہماری عمران خان سے ذاتی کوئی دشمنی نہیں، پالیسیوں سے اختلاف ہے۔ وزیراعظم کے پاس ایک بھی بندہ جہانگیرترین جیسا نہیں۔ ایک وقت تھا ہم خان صاحب کی منتیں کرتے تھے، آج جہانگیرترین ہوتے تو ناراض لوگوں کو منا لیتے۔
ادھراطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی تیاریوں کے پیش نظر عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیاسی کمیٹی کو اتحادیوں سے رابطے جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں حکومتی ٹیم نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، امین الحق، خواجہ اظہار الحسن اور جاوید حنیف شامل تھے۔
حکومتی رہنماوں بشمول اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پر مشتمل وفد نے ایم کیو ایم ارکان کو وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔