کراچی : ہم وفاقی حکومت کے ہر اس اقدام کی بھر پور حمایت کریں گے جو کراچی کی عوام کی فلاح کے لیے کیا جائے گا، اطلاعات کے مطابق کراچی میں آرٹیکل 149 کے نفاذ کے حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حوالے سے وفاقی حکومت آئینی حدود میں رہ کر جو بھی فیصلہ کرے گی وہ اس کی حمایت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ میٹروپولیٹن سٹی کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کے تمام آئینی اقدامت کی حمایت کریں گے۔میئر وسیم اختر نے کہا کہ کراچی پورے ملک کو ریونیو فراہم کرتا ہے، دو ساحلوں کے حامل اس شہر میں 3 کروڑ سے زائد لوگ بستے ہیں اور اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
کراچی کو نظر انداز کرنے کے حوالے سے وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت لوٹ مار میں مصروف ہے اور اسے کراچی کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں، وسیم اختر نے کہا کہ اگر کراچی نہ سنور سکا تو ملک کے دیگر علاقوں کو اچھا پیغام نہیں جائے گا، لوگ کاروبار اور نوکریوں کے لیے ملک بھر سے یہاں کا رخ کرتے ہیں اور آپ اسے تباہ کر رہے ہیں۔