ق لیگ کی حیثیت کیا ہے:جووزارت اعلیٰ مانگ رہی ہے:ن لیگی ارکان اسمبلی بھی ڈٹ گئے

لاہور: ق لیگ کی حیثیت کیا ہے:جووزارت اعلیٰ مانگ رہی ہے:ن لیگی ارکان اسمبلی بھی ڈٹ گئے ،اطلاعات کے مطابق ق لیگ کو اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کی پیشکش پر ن لیگ ارکان اسمبلی نے تحفظات کا اظہار کردیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی عابد رضا سمیت 7 ارکان اسمبلی نے ق لیگ کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش پر تحفظات کا اظہار کیا۔ن لیگی ارکان کا کہنا ہے کہ ق لیگ کو کس حیثیت سے وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی گئی ہے۔

لیگی ارکان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا حصہ ہیں، ق لیگ کو کیسے وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی گئی، پنجاب میں ن لیگ بڑی جماعت ہے اور ق لیگ چھوٹی جماعت ہے۔ن لیگ کے ارکان کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب ہمارا ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ ق لیگ کو اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی گئی تھی۔

یاد رہے مسلم لیگ ق کے اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر3 بجے ہوگا۔اجلاس کی صدارت چوہدری پرویز الہٰی کریں گے ، جس میں اراکین قومی اسمبلی اورچوہدری شجاعت بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اورتحریک عدم اعتمادپرغورہوگا اور مسلم لیگ ق وزیراعظم کی تحریک عدم اعتمادسےمتعلق فیصلہ کرےگی۔رہے پارلیمانی پارٹی نے فیصلے کے تمام اختیارات چوہدری پرویزالہٰی کو دے رکھے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کی طرف سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما، وفاقی وزیر مونس الٰہی اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید آمنے سامنے آ گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مونس الٰہی نے شیخ رشید کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے آپ اپنی زمانہ طالب علمی میں پیسے لیا کرتے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کی طرح نہیں کہ 5 سیٹوں پر صوبے کی وزارت اعلیٰ کے لیے بلیک میل کریں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ پنجاب کی سیاست کی بات کررہے ہیں، عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ارکان کی خرید و فروخت شروع کردی گئی ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ ممبر کا اتنا ریٹ لگے گا، یہ کتنے ہی پیسے لگائیں عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔

اپوزیشن کو صلح کی پیشکش کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے، مل بیٹھ کر مذاکرات سے کوئی حل نکالنا چاہیے، الیکشن میں ایک سال رہ گیا ہے، یہ نہ ہو آپ 10 سال لائن میں لگے رہیں۔

خیال رہے کہ وزیر داخلہ کی طرف سے پانچ سیٹوں کا بیان پاکستان مسلم لیگ ق کی طرف اشارہ تھا، ق لیگ کے پنجاب میں 10 اراکین اسمبلی ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں پانچ ایم این ایز ہیں۔

Comments are closed.