لاہور:حکومت گرانےکےاس کھیل کاحصہ بنیں گے یا نہیں:سراج الحق نے شہازشریف سے وقت مانگ لیا ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد، شہباز سے ملاقات کے بعد سراج الحق نے وقت مانگ لیا
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگنے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے پاس پہنچ گئے۔
سراج الحق نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی خواہش ہے کہ یہ نااہل اور کرپٹ حکومت اب گھر جائے، آئینی طریقے سے حکومت کو ہٹاکر قوم کے پاس دوبارہ جائیں، شفاف الیکشن اور فریش مینڈیٹ کے ساتھ مل کر حکومت بنائی جائے اور پریشانی میں گِھرے عوام کی خدمت کریں۔
سراج الحق نے کہا یہ یقینی بنایا جائے کہ اگلے الیکشن صاف شفاف ہوں گے، آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے۔
ادھر متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کرے گا۔ یہ ملاقات تحریک عدم اعتماد میں ایم کیو ایم کی حمایت کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی سابق صدر آصف زرداری سے اہم ملاقات طے پا گئی ہے۔ خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کا تین رکنی وفد کل سابق صدر سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا۔
ایم کیو ایم کا وفد کل اسلام آباد پہنچے گا اور شام کے وقت وہ زرداری ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سے ملاقات کرے گا۔ مذاکراتی ٹیم میں کنور نوید جمیل بھی شامل ہیں۔
بعد ازاں ایم کیو ایم کے وفد کی مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات بھی متوقع ہے جس کے بعد ایم کیو ایم کے حکومت یا اپوزیشن کی جانب جھکاؤ کی صورتحال واضح ہو سکے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد کے دورے میں حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کی حمایت کے حصول میں کامیابی کا دعویٰ کیا تھا تاہم ایم کیو ایم رہنماؤں نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر اپنا حق استعمال کرنے کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔