تمام تر تحفظات کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے:ایم کیو ایم

0
31
mqm

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ تمام تر تحفظات کے باوجود بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ ابھی معاملہ طے ہورہا ہے، جلد بتائیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان نے حلقہ بندیوں پر اعتراض کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دیں گے، اگر انتخابات ہوئے تو یہ انہیں تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلے کیلئے گزشتہ روز سے کئی اجلاس کرچکی ہے، اب بھی پارٹی رہنماؤں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے اجلاس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، فیصل سبزواری، مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر رہنماء شریک ہیں۔ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ پارٹی تمام تر تحفظات کے باوجود بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی، رابطہ کمیٹی اراکین کی اکثریت نے میدان خالی نہ چھوڑنے کی رائے دی ہے۔

دوسری جانب میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ابھی معاملہ طے ہورہا ہے، جلد بتائیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان نے قانونی ٹیم کو مشاورت کیلئے طلب کرلیا ہے، جس سے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے حلقہ بندیوں پر شدید اعتراض کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد سمیت دیگر حصوں میں پولنگ رکوانے کا مطالبہ کیا تھا۔ سندھ حکومت نے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کو بنیاد بناکر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ کر الیکشن ملتوی کرنے کا کہا تھا تاہم ای سی پی نے کراچی اور حیدرآباد میں مقرری وقت 15 جنوری کو ہی الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔

Leave a reply