ممبئی :کیا سنجے دت امریکا کے بجائے ممبئی سے علاج کروائیں گے؟فیصلہ ہوگیا ،اطلاعات کےمطابق گزشتہ ہفتے سے بولی وڈ فلم نگری کے سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہونے کے ساتھ ساتھ یہ بھی اطلاعات تھیں کہ وہ علاج کے لیے جلد امریکا چلے جائیں گے۔
تاہم اب بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے شہر ممبئی کے ہسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ہیں۔
پنک ولا کی رپورٹ نے میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں سنجے دت کو 2 مختلف ہسپتالوں میں دیکھا گیا تھا۔یہ بھی بتایا جارہا ہےکہ 16 اگست کو انہیں ہلکے گلابی رنگ کے کرتے میں لیلاوتی ہسپتال سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق سنجے دت کی جانب سے اب ممبئی میں کیموتھراپی شروع کرنے کے امکانات ہیں جبکہ پہلے یہ چہ مگوئیاں تھیں کہ بولی وڈ اداکار علاج کے لیے امریکا یا سنگاپور جائیں گے۔
ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل اتوار کو سنجے دت کو اپنی بہن پریا دت کے ساتھ لیلاوتی ہسپتال میں دیکھا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق وہ اپنی اپائنمنٹ سے کافی وقت پہلےآئے تھے اور ڈاکٹرکی آمد تک اپنی گاڑی ہی میں موجود تھے۔
اداکار کو دوپہر 12 بجے ہسپتال میں دیکھا گیا تھا اور ڈاکٹر جلیل پارکر کے ساتھ تفصیلی مشاورت دوپہر سوا 3 بجے تک جاری رہی تھی جس کے بعد ڈاکٹر اور پریا دت ہسپتال سے چلے گئے تھے۔
تاہم سنجے دت مزید 2 گھنٹے تک ہسپتال میں رہے اور شام 5 بجے کے بعد اپنی گاڑی میں واپس روانہ ہوئے، جس سے ظاہر ہوا کہ بولی وڈ اداکار دوبارہ چیک اپ کروانے کے لیے ہسپتال آئے تھے۔
اس سے ایک روز قبل سنجے دت اور پریا دت نے اندھیری میں واقع کوکیلا بین ہسپتال گئے تھے اور ان کا دورہ مختصر دورانیے پر مشتمل تھا۔رپورٹ کے مطابق اداکار کی جانب سے اس ہسپتال میں جلد کیموتھراپی شروع کرنے کا امکان ہے۔