کراچی:برٹش ایئرویز کی اسلام آباد سے والی پرواز میں خاتون وفات پاگئیں، تاشقند میں ہنگامی لینڈنگ ،اطلاعات کے مطابق اسلام آباد سے لندن جانے والی ایک پرواز میں خاتون مسافر انتقال کر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے لندن جانے والی برٹش ایئر ویز کی پرواز میں ایک پاکستانی نژاد خاتون مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر موت واقع ہو گئی۔سول ایویشن حکام کے مطابق اس پرواز بی اے 260 اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھی، طیارہ تاشقند کے قریب تھا، کہ اچانک خاتون مسافر کو دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔
جہاز کے کپتان نے تاشقند کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے تاشقند ایئر پورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے پر طیارے کو تاشقند ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔طیارے کے عملے نے خاتون کی طبیعت اچانک بگڑنے پر تاشقند ایئر پورٹ پر ڈاکٹر اور ایمبولینس طلب کی، تاہم خاتون دل کے دورے کو سہہ نہیں پائیں اور انتقال کر گئیں۔
یاد رہے کہ رواں برس 2 مارچ کو بھارتی ایئر لائن کے ایک طیارے کو بھی دوران پرواز مسافر کے انتقال کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی، شارجہ سے بھارتی شہر لکھنؤ جانے والی پرواز میں مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، اور وہ انتقال کر گیا۔