وزیر جنگلات سبطین خان کا کہنا ہے کہ بدترین ماحولیاتی آلودگی کی وجہ گذشتہ ادوار میں جنگلات پر عدم توجہی ہے۔ سرسبز، پلوشن فری پاکستان کا قیام عوام کی مدد سے جلد پورا ہوگا۔
صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ گذشتہ حکومتوں کے برعکس موجودہ حکومت جنگلات کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سابقہ حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے آج پاکستان کو بدترین ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے جس کے خاتمے کیلئے ہر شخص کو انفرادی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کلین گرین پاکستان کا خواب اور عزم موجودہ حکومت میں ہی پورا ہوگا۔ آئندہ 2023 میں تحریک انصاف دوبارہ برسر اقتدار آئے گی اور تب سبز انقلاب کا یہ سلسلہ گلی گلی پھیل چکا ہو گا۔ سبطین خان نے کہا کہ محکمہ جنگلات پنجاب وزیر اعظم عمران خان کے خواب کی تکمیل کیلئے سنجیدہ اور تیز ترین حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب محکمہ جنگلات کے عملہ کی محنت سے پاکستان سرسبز ہو گا اور درختوں اور سبزے کا سلسلہ پاکستان کی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کا بھی باعث بن رہا ہو گا۔ وزیر جنگلات نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کے کلین گرین اور پلوشن فری پاکستان کا قیام عوام کی مدد سے جلد پورا ہوگا۔

بدترین ماحولیاتی آلودگی کی وجہ گذشتہ ادوار میں جنگلات پر عدم توجہی، سبطین خان
Shares: