یمنی فوج کے حملے ، 23 حوثی ہلاک
یمنی فوج کے ساتھ جھڑپوں اور عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں 23 حوثی ہلاک
ہو گئے
تفصیلات کے مطابق یمن کے جنوبی صوبے الضالع میں یمنی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کے 13 ارکان مارے گئے جن میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔
یمنی فوج کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب حوثی ملیشیا کے ارکان نے قعطبہ ضلع میں غلق اور شخب کے محاذوں پر سرکاری فوج کے ٹھکانوں کی جانب دراندازی کی کوشش کی۔
یمنی فوج نے باغیوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور انہیں اِب صوبے کے علاقوں کی سمت فرار پر مجبور کر دیا۔ جھڑپوں کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے 13 ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں حوثیوں کا ایک کمانڈر ابو شریف حزام عبداللہ بھی شامل ہے۔
حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے جازان ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ
ادھر یمن کے شمال میں حوثی ملیشیا کے مرکزی گڑھ صعدہ صوبے میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں 10 حوثی باغی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس دوران اتحادی طیاروں نے کتاف ضلع میں العادیات کے پہاڑی سلسلے میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں اور جتھوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں میں متعدد باغی زخمی ہوئے اور ان کی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔